ناتجربہ کار ڈرائیورس کے سبب حادثات
حیدرآباد۔ 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے کل 19 اکٹوبر کو تلنگانہ بند کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی کے لیے آر ٹی سی جے اے سی نے بند کی اپیل کی ہے جسے تمام اپوزیشن جماعتوں کی تائید حاصل ہے۔ انجن کمار یادو نے آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کی اور کہا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ تحریک کے دوران کئے گئے وعدے سے انحراف کرلیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ وہ ملازمین کو بات چیت کے لیے مدعو کرے اور ہڑتال کا قابل قبول حل تلاش کیا جائے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ہڑتال کے سبب عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے لیکن کے سی آر متبادل انتظامات کا دعوے کررہے ہیں۔ ریاست میں ناتجربہ کار ڈرائیورس کی خدمات حاصل کرنے سے کئی حادثات پیش آئے۔ مستقبل میں اس طرح کے حادثات کے لیے چیف منسٹر ذمہ دار ہیں۔ انجن کمار یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر بند میں حصہ لیتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کی تائید کریں تاکہ ان کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔