تلنگانہ بھر میں آج راشن ڈیلرس کا ’ بند ‘

   

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز ) تلنگانہ میں راشن ڈیلر س نے 5 ستمبر کو بند کا اعلان کیا ۔ اپنے دیرینہ مطالبات کی یکسوئی کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالنے بند کا فیصلہ کیاگیاہے۔ تلنگانہ فئیر پرائس شاپ اسوسیشن کے ذمہ داروں نے میڈیا سے کہا کہ ان کے کمیشن میں اضافہ اور ماہانہ 5000 روپئے گرانٹ کی نمائندگیوں پر عمل کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے اقتدار سے قبل راشن شاپ مالکین سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں ماہانہ 5000 اعزازیہ دیا جائیگا اور کمیشن میں اضافہ کیا جائے گا لیکن اس وعدہ پر عمل نہیں کیاگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اور محکمہ سیول سپلائز سے متعدد بار نمائندگی کی جاچکی ہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور راشن شاپس مالکین نے 5 ستمبر کو ایک روزہ بند مناکر حکومت پر دباؤ ڈالنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس کے باوجود حکومت سے ان کے مطالبات کی یکسوئی نہیں کی جاتی ہے تو غیر معینہ مدت کیلئے راشن شاپس کو بند کرنے پر بھی غور کیا جائے گا اور تلنگانہ کے تمام راشن شاپس مالکین کی جانب سے اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔3