حیدرآباد 12 جون ( یو این آئی ) تلنگانہ بھر میں طویل گرمائی تعطیلات کے بعد آج سے اسکولس کا آغاز ہوگیا۔ اس طرح آج سے نئے تعلیمی سال 2019 اور 20 کا آغاز عمل میں آیا ہے ۔ ریاست بھر میں اسکول پہلے یکم جون سے کھلنے والے تھے تاہم ریاست میں شدید گرمی کی صورت حال کے سبب تعطیلات میں توسیع کی گئی تھی۔ محکمہ اسکولی تعلیم نے تعلیمی کیلنڈر میں تبدیلیاں کی ہیں اور نئے کیلنڈر کے مطابق 232 کام کے دن جاریہ سال رکھے گئے ہیں آخری کام کا دن 23 اپریل ہوگا ۔ نئے تعلیمی سال کے مطابق اسکولس کا آغاز 12 جون سے ہوگیا ہے اور گرمائی تعطیلات 24 اپریل سے 11 جون تک ہوگی۔
اسکولوں کی دوبارہ کشادگی ، شہر کی سڑکوں پر گہما گہمی
نئے تعلیمی سال کے پہلے دن ننھے منے طلبہ خوشی کے ساتھ اسکول پہونچے
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گرمائی تعطیلات کا اختتام عمل میں آنے کے ساتھ ہی ریاست بھر میں آج سے تمام سرکاری و خانگی مدارس کی دوبارہ کشادگی عمل میں آئی۔ جیسے ہی آج اسکولوں کی کشادگی کا عمل شروع ہوا ہر طرف شاہراہوں، چوراہوں اور مختلف علاقہ جات میں اسکولی طلبہ کی ہما ہمی اور اسکول کی جانب موٹر سیکلوں، آٹو رکشاؤں اور اسکولس کی بسوں کے ذریعہ رواں دواں ہوتے دکھائی دیئے۔ جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ریاست میں اسکولوں کو تعطیلات کے آغاز پر اعلان کردہ اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کی تاریخ یکم جون تھی، لیکن شدید گرما اور دھوپ کی شدت کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے تمام اسکولوں کی تعطیلات کو 11 جون تک توسیع دیتے ہوئے 12 جون سے اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح حکومت کے اعلان کی روشنی میں ریاست بھر میں آج تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولس کی دوبارہ کشادگی عمل میں آئی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گزشتہ سال یعنی تعلیمی سال 2017-18 میں اسکولس کی یکم جون کو ہی دوبارہ کشادگی عمل میں لائی گئی تھی۔ اور اس سال یعنی 2018-19 میں اس مسابقت سے یکم جون کو اسکولس کی دوبارہ کشادگی کا اعلان کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اب نئے تعلیمی سال یعنی 2019-20 میں بھی تمام اسکولس کی دوبارہ کشادگی کیلئے آئندہ سال یعنی 11 جون 2020 تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اس طرح جاریہ نئے تعلیمی سال کیلئے اسکولس کی دوبارہ کشادگی کے ساتھ نئے تعلیمی کیلنڈر کی اجرائی بھی عمل میں لائی گئی ہے اور اس جاری کردہ نئے تعلیمی کیلنڈر کی روشنی میں اسکولس کو جاریہ سال 23 اپریل 2020 تا 11جون2020 تک گرمائی تعطیلات دینے کا ریاستی محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جاریہ تعلیمی سال کے دوران تمام مدارس کو 28 ستمبر تا13 اکٹوبر 2019 تک دسہرہ تہوار کی تعطیلات دی جائیں گی اور کرسمس تہوار کی تعطیلات 12 ڈسمبر تا 28 ڈسمبر تک دی جائیں گی۔ علاوہ ازیں سنکرانتی تہوار کے سلسلہ میں نئے سال 2020 میں 11 جنوری تا 16 جنوری تک تعطیلات دی جائیں گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نئے تعلیمی سال کے دورن ایس ایس سی ( دسویں جماعت ) کے نصاب کو 20 جنوری2020 تک مکمل کرلینے کیلئے اقدامات کرنے کی تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر، منڈل ایجوکیشن آفیسرس اور تمام صدور مدرسین ہائی اسکولس کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں اور جماعت اول تا نہم ( پہلی جماعت تا نویں جماعت تک ) کے تعلیمی نصاب کو باقاعدہ کلاسیس کے ذریعہ 29 جنوری2020 تک مکمل کرلینے کی متعلقہ عہدیداروں و اساتذہ کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔