تلنگانہ بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ۔ کچھ اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ

,

   

مزید 18 گھنٹوں تک راحت کا امکان نہیں۔ دونوں شہروں میں بھی مسلسل بارش ۔ عوام کو احتیاط برتنے ماہرین کا مشورہ

حیدرآباد 20 اگسٹ ( سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندر آباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں جمعہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ کچھ اضلاع میں یکا دوکا مقامات پر شدید اور موسلادھار بارش بھی ہوئی اور ہفتے کے دن بھی بارش کا سلسلہ لگاتار جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع اور حیدرآباد میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ اتوار کو بھی بارش ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں رات بھر شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا اور صبح میں بھی بارش جاری رہی ۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ سوسائیٹی کے مطابق ملگ ضلع کے وینکٹا پورم میں 109 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بھدرادری کتہ گوڑم میں 96.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسرے اضلاع میں کھمم ‘ محبوب نگر ‘ محبوب آباد ‘ آصف آباد ‘ منچریال ‘ پیدا پلی ‘ بھوپال پلی ‘ کریمنگر ‘ ورنگل اور ہنمکنڈہ میں بھی 40 تا 800 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کئی مقامات پر لگاتار بارش ہوئی ہے ۔ عادل آباد ‘ کمارم بھیم آصف آباد ‘ منچریال ‘ نرمل اور پیدا پلی اضلاع کے کچھ مقامات کیلئے شدید بارش کے امکان کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ ماہرین موسمیات نے کہا کہ شمالی ‘ وسطی اور مشرقی تلنگانہ کے علاقوں میںلگاتار بارش ہوگی ۔ آئندہ 18 گھنٹوں کے دوران ان علاقوں میں بارش سے راحت کا کوئی امکان نہیں ہے اور عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حیدرآباد کے تمام علاقوں میں جمعہ کی رات سے ہفتہ کی صبح تک بھی لگاتار بارش جاری رہی ۔ حالانکہ بارش موسلادھار نہیں تھی رات بھر اس کا سلسلہ جاری رہا ۔ حیدرآباد کیلئے محکمہ موسمیات کی جانب سے زرد الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ مزید اوسط بارش ہوسکتی ہے اور ایکا دوکا موقع پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ ماہرین موسمیات نے واضح کیا کہ موسم ابرآلود رہے گا اور رات دیر گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بارش کے پیش نظر احتیاط برتیں۔ انتہائی ضرورت پر گھروں سے نکلیںاور موسم کی جانکاری سے واقفیت حاصل کرتے رہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے مقامات اور نشیبی علاقوں میں جانے سے بھی گریز کریں۔