خلیج بنگال میں طوفان کل سرحدی اضلاع سے ٹکرانے کا خدشہ
حیدرآباد 26 اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں 28 اور 29 اکٹوبر کو انتہائی شدید بارش کے امکانات ہیں کیونکہ خلیج بنگال میں طوفان کے 28اکٹوبر کو تلنگانہ کے سرحدی اضلاع سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ 28 اور 29 اکٹوبر کو بارش شدید نوعیت کی ہوگئی اور بعض مقامات پر 150 تا220 ملی میٹر بارش کا بھی خدشہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال ‘ جگتیال ‘ راجنا سرسلہ ‘ پداپلی ‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ کریم نگر ‘ ہنمکنڈہ ‘ ملوگو‘ جنگاؤں‘ بھدرادری کتہ گوڑم‘ محبوب آباد‘ کھمم‘ سوریہ پیٹ میں انتہائی شدید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے جبکہ مابقی اضلاع نرمل ‘ نظام آباد‘ عادل آباد‘ کاماریڈی ‘ میدک ‘ سدی پیٹ ‘ سنگاریڈی ‘ یدادری ‘ رنگاریڈی ‘ وقارآبادمحبوب نگر ‘ نارائن پیٹ‘ ونپرتی ‘ ناگرکرنول ‘ جوگولامبا گدوال ‘ نلگنڈہ کے علاوہ میڑچل ۔ملکا جگری اور حیدرآباد میں بھی طوفان ’مونٹا‘ کے اثرات دیکھے جائیں گے ۔ ان اضلاع میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔خلیج بنگال میں طوفان ’مونٹا‘ کے پڑوسی آندھراپردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد کئی سرحدی اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور کئی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں انتہائی موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔تلنگانہ میں طوفان کے اثرات پر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 27اکٹوبر کی رات سے حیدرآبادو سکندرآباد و دیگر اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہوجائیگاجو کہ 28 اور 29 اکٹوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔3
خلیج بنگال میں طوفانی گرداب۔اے پی میں شدید بارش کا امکان
حیدرآباد 26اکتوبر(یواین آئی)خلیج بنگال میں طوفانی گرداب جاری ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ اس کی پیشرفت جاری ہے ۔ منگل کی صبح تک اس کے شدید طوفان بننے کا امکان ہے ۔ شمال۔مغرب کی سمت پیشقدمی کرکے یہ منگل کی رات تک مچلی پٹنم اور کلنگا پٹنم سے ٹکرا سکتا ہے ۔ اس کے اثر سے پیراور منگل کو ساحلی اندھرا میں شدید بارش کا امکان ہے۔
اے پی:طوفان متاثرہ اضلاع کیلئے این ڈی آرایف کی ٹیمیں روانہ
حیدرآباد 26اکتوبر(یواین آئی) اے پی میں قائم این ڈی آر ایف کی 10 ویں بٹالین کی ٹیمیں طوفان سے متاثرہ اضلاع کیلئے روانہ ہوگئیں۔30 ملازمین پر مشتمل چھ ٹیمیں نیلور، سریکاکلم،کوناسیما، کاکناڈا، مغربی گوداوری، کرشنا اضلاع روانہ کی گئیں۔بٹالین کے کمانڈنٹ پرسنا کمار نے حکام کو کئی اہم ہدایات دیں ۔