تلنگانہ بھر میں سردی کی لہر میںاضافہ ۔ درجہ حرارت 5 ڈگری ہوجانے کا امکان

   

حیدرآباد 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ درجہ حرارت میں گراوٹ پر محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق اضلاع نرمل ‘ عادل آباد و دیگر مقامات پر درجہ حرارت آئندہ دنوں میں 5ڈگری تک ہونے کا امکان ہے۔ کل صبح میں یہاں 7 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا اور آئندہ ہفتہ میں مزید گراوٹ کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات سے زرد الرٹ جاری کیا گیا جبکہ بعض اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کرکے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ۔ عادل آباد‘ نرمل میدک ‘ سنگاریڈی میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم ہونے لگا ہے اور ماہرین کا کہناہے کہ آئندہ دنوں میں اضلاع کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئیگی اور سردی میں اضافہ ہوگا۔ پیش قیاسی میں کہاگیا کہ دونوں شہروں میں آئندہ ہفتہ سردی کی لہر میں اضافہ ہو گا جبکہ دو یوم سے ماریڈ پلی ‘ سکندرآباد ‘ خیریت آباد‘ شیرلنگم پلی ‘ ایل بی نگر‘ کوکٹ پلی ‘ بہادر پورہ‘ راجندر نگر ‘ بندلہ گوڑہ ‘ چندو لعل بارہ دری ‘ مونڈہ مارکٹ ‘ مشیر آباد‘ گولکنڈہ و شیخ پیٹ میں 12تا 15ڈگری کے درمیان درجہ حرارت ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔3