وائرس کی روک تھام کے سخت اقدامات ۔ مکمل ناکہ بندی ۔ آمد و رفت پوری طرح بند
حیدرآباد 10 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت تلنگانہ نے ساری ریاست میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات میں شدت پیدا کردی ہے اور جملہ 101 مقامات کو کورونا کے ہاٹ اسپاٹ قرار دیدیا گیا ہے ۔ ان مقامات پر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہاٹ اسپاٹ قرار دینے کے بعد ان علاقوں میں پھیلاو کو روکنے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ہر طرح کی نقل و حرکت کو بند کردیا گیا ۔ ان میں کسی کے داخلہ اور کسی کے باہر آنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ ایک دن پہلے دارالحکومت حیدرآباد میں جملہ 14 ہاٹ اسپاٹس کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یومیہ جو کورونا پازیٹیو کیس اب تک آ رہے تھے اب ان کی تعداد میں قدرے کمی آ رہی ہے اور یہ ایک اچھی علامت ہے ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب شہر کے دواخانوں گاندھی ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں جملہ 414 مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور ان میں کم از کم 388 ایسے مریض ہیں جنہوں نے یا تو دہلی کے اجتماع میں شرکت کی تھی یا پھر ان سے رابطے میں آئے تھے ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر کا کہنا ہے کہ دہلی سے واپس آنے والوں یا ان سے رابطے میں آنے والوں کو آئندہ چند دنوںمیں ان کے ٹسٹ منفی آنے کے بعد ڈسچارج کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جن کے ٹسٹ منفی آئیں گے انہیں ڈسچارج کردیا جائیگا ۔ امکان ہے کہ 60 تا 70 مریض جلد ڈسچارج کردئے جائیں گے ۔ ایٹالہ راجندر کا کہنا ہے کہ اب سے ہمیں امید ہے کہ ہم صحتیاب ہونے والے مریضوں کو ڈسچارج کرتے جائیں گے اور اگر کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تو 22 یا 23 اپریل تک ریاست میں کورونا کا کوئی مریض باقی نہیں رہ جائے گا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکام کا مقصد یہی ہے کہ اس مرض کو پھیلنے سے روکا جائے اور اسی مقصد سے ہاٹ اسپاٹس کا اعلان کیا جا رہا ہے ۔
