ریونت ریڈی جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچے، راہول گاندھی کے خلاف ریمارکس پر احتجاج
حیدرآباد۔14 فروری (سیاست نیوز) کانگریس نے تلنگانہ کے 709 پولیس اسٹیشنوں میں چیف منسٹر آسام ہیمنت بسوا شرما کے خلاف شکایت درج کرائی ۔ کانگریس قائد راہول گاندھی کے خلاف چیف منسٹر آسام کے غیر مہذب ریمارکس کے خلاف بطور احتجاج ریاست بھر میں شکایت درج کرائی گئی اور پولیس سے ایف آئی آر کی خواہش کی گئی۔ اس مسئلہ پر احتجاج کیلئے پارٹی نے رکنیت سازی کی تکمیل کے جشن کو ملتوی کردیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچ کر چیف منسٹر آسام کے خلاف شکایت درج کرائی اور کریمنل کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ریونت ریڈی کے ہمراہ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، پولیٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر ، ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، ڈاکٹر شراون ، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی اور دیگر موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر آسام کو انتباہ دیا کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مناسب جواب دینا جانتی ہے اور کانگریس کارکن چیف منسٹر آسام کا ہر موڑ پر تعاقب کرینگے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ کسی کی نجی زندگی کے بارے میں قابل اعتراض ریمارکس کے باوجود بی جے پی نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے عہدہ سے ہیمنت بسواس کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر آسام کے خلاف کارروائی کے تک کانگریس احتجاج جاری رکھے گی ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں پارٹی سینئر قائدین نے چیف مسنٹر آسام کے خلاف شکایت درج کرائی ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، پونالہ لکشمیا ، ڈاکٹر ملو روی اور ضلع کانگریس صدور نے اپنے اپنے اضلاع میں پولیس میں شکایت درج کی ۔ ر