یکم جولائی کو رائے دہی ، بنڈی سنجے ، ڈی اروند ، این رگھونندن راؤ دوڑ میں آگے
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بی جے پی کے تنظیمی انتخابات کا عمل آخری مراحل میں پہونچ چکا ہے ۔ دونوں ریاستوں کے بی جے پی صدور کا بی جے پی قومی قیادت کی جانب سے ایک ہی دن اعلان کیاجائے گا ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر کے انتخاب کے لیے اتوار کو نوٹیفیکیشن جاری ہوگا اور پیر کو پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی اور یکم جولائی کو انتخاب ہوگا ۔ بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن ریٹریننگ آفیسر کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ تلنگانہ میں جی کشن ریڈی کی صدارتی میعاد مکمل ہوچکی ہے اور انہیں مرکزی کابینہ میں بھی شامل کیا گیا ہے ۔ ان کی جگہ نئے صدر کاانتخاب کرنے کا معاملہ کئی مہینوں سے موضوع بحث بن چکا ہے ۔ تلنگانہ میں اضلاع اور سٹی بی جے پی صدور کا پہلے ہی اعلان ہوچکا ہے ۔ ریاستی صدر کے لیے کئی قائدین دوڑ میں ہے اور پارٹی قائدین مختلف گروپس میں تقسیم ہو کر پیروی کررہے ہیں جس کی وجہ سے پارٹی کی قومی قیادت نے اس مسئلہ کو زیر التواء رکھا ہے لیکن تلنگانہ میں مقامی اداروں کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اس سے قبل تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر کا انتخاب کرنے کے لیے ماحول سازگار ہوگیا ہے ۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ریاستی صدر کے دوڑ میں مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ ڈی اروند ، ایٹالہ راجندر اور این رگھونندن راؤ سب سے آگے ہیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتخاب بلامقابلہ ہوگا یا رائے دہی کے ذریعہ نئے صدر کا انتخاب ہوگا ۔۔ 2