پارٹی سینئر قائدین کا خفیہ اجلاس، سیاست میں قتل نہیں صرف خودکشی ہوتی ہے: ایٹالہ راجندر
امیج کو داغدار بنانے وجئے شانتی کا شکوہ، دیویندر گوڑ کے فرزند دہلی روانہ ، کانگریس قائدین سے ملاقات
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) ڈبل انجن حکومت کی دعویداری پیش کرنے والی بی جے پی کے قائدین میں اختلافات اور گروپ بندیوں میں ایک طرف جہاں مزید اضافہ ہوگیا ہے تو دوسری طرف قائدین ایک دوسرے پر شک اور کھلے عام ایک دوسرے کے خلاف تنقید کرنے لگے ہیں۔ اپنے سیاسی مستقبل کیلئے کانگریس یا بی آر ایس میں شامل ہونے پر غور کررہے ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائدین ‘ایٹالہ راجندر سے سخت ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ ان پر پارٹی کی قومی قیادت کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں جس کی ایٹالہ راجندر نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں قتل نہیں ہوتا صرف خودکشی ہوتی ہے۔ ان کے بارے میں پارٹی کے چند قائدین کو غلط فہمیاں پیدا ہوگئیں ، دوسری جانب فلم اسٹار سے سیاستداں بننے والی وجئے شانتی نے بھی پارٹی قائدین پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے چند قائدین ہی میڈیا میں ان سے متعلق جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ چند بی جے پی قائدین نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر انہیں مدعو نہ کرنے اور امیت شاہ سے ملاقات نہ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ بی جے پی قومی عاملہ کے رکن سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک کی قیام گاہ پر پارٹی کے سینئر قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا ہے۔ اس اجلاس میں رام موہن راؤ، چاڈا شریف ریڈی کے علاوہ راج گوپال ریڈی، سابق وزرا ڈاکٹر وجئے راما راؤ، رویندر نائک، سابق رکن اسمبلی اے رویندر ریڈی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں امیت شاہ سے صرف جی کشن ریڈی، بنڈی سنجے و ایٹالہ راجندر ملاقات کرنے ‘ دیگر تمام قائدین کو نظرانداز کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ 24 ستمبر کے بعد دہلی پہنچ کر پارٹی کی قومی قیادت سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بی جے پی میں دوسری جماعتوں کے قائدین کی شمولیت پر روک لگ جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ سابق وزیر کرشنا یادو اور چکوٹی پراوین کو پہلے پارٹی میں شامل ہونے کی منظوری پھر ان سے دوری اختیار کرلینے اس کے علاوہ بی جے پی کے نائب صدر سابق رکن اسمبلی سرینواس ریڈی اور جی بالا کرشنا ریڈی کو پارٹی سے معطل کردینے کے فیصلے بھی ریاست میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ وجئے شانتی نے سوشل میڈیا میں سونیا گاندھی کی ستائش کی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی غیر یقینی صورتحال کا قومی قیادت نے جائزہ لیا۔ بالخصوص پارٹی قائدین کے خفیہ اجلاس پر بھی غور کیا ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر داخلہ دیویندر گوڑ کے فرزند ویریندر گوڑ بھی بی جے پی سے ناراض ہیں اور وہ کسی بھی وقت بی جے پی سے مستعفی ہوسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ وہ کانگریس سے رابطہ میں ہیں اور کانگریس میں شامل ہونے پارٹی قائدین سے ملاقات کرنے مدھو گوڑ یشکی کے ساتھ دہلی روانہ ہوئے ہیں۔ ن