تلنگانہ بی جے پی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاریاں

   

ایٹالہ راجندر تشہیری کمیٹی کے صدر نشین ، ڈی کے ارونا کو تلنگانہ بی جے پی کا صدر بنانے پر غور

حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کی قومی قیادت تلنگانہ میں بی جے پی کی تنظیمی سطح پر تبدیلیاں کرنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کو تشہیری کمیٹی کا صدر نشین بنانے کا تقریبا فیصلہ ہوچکا ہے ۔ بنڈی سنجے کو تلنگانہ بی جے پی کی صدارت سے ہٹایا جاتا ہے تو انہیں مرکزی کابینہ میں شامل کرنے ان کی جگہ آل انڈیا بی جے پی کی نائب صدر سابق وزیر ڈی کے ارونا کو تلنگانہ بی جے پی کا صدر نامزد کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ کرناٹک میں بی جے پی کو شکست ہوجانے کے بعد بی جے پی کی قومی قیادت تلنگانہ پر زیادہ توجہ دے رہی ہے ۔ تاہم تلنگانہ میں پارٹی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیوں سے فکر مند ہے ۔ جاریہ سال اواخر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ابھی سے بی جے پی میں تمام مسائل کو حل کردینے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 15 جون کو کھمم میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا جلسہ عام منعقد ہورہا ہے ۔ اس سے قبل عہدوں کی تقسیم کا کام مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ ایٹالہ راجندر فی الحال دہلی میں ہے انہوں نے جمعہ کو آسام پہونچکر وہاں کے چیف منسٹر ہینمنت بسوا شرما سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور ساتھ ہی آج صبح دہلی پہونچکر بی جے پی پارٹی کے سینئرے قائدین سے مسلسل تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی قومی قیادت تلنگانہ میں قیادت کی تبدیلی کے علاوہ دیگر امور پر کسی بھی وقت سرکاری طور پر اعلان کرسکتی ہے ۔ بنڈی سنجے کی کارکردگی سے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین مطمئن نہیں ہیں اور ان کے خلاف پارٹی قیادت کو کئی شکایت وصول ہورہی ہیں ۔ ایٹالہ راجندر کو چیف منسٹر کا چہرہ بنانے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔۔ ن