تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے معذرت خواہی کریں

   

آئی ٹی آر پراجکٹ کے معاملے میں بے شرمی کا مظاہرہ ، ریاستی وزیر کے ٹی آر
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے آئی ٹی آر پراجکٹ کے معاملے میں جھوٹ بولنے والے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے اور بی جے پی کو معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جھوٹ بولنے کے معاملے میں بنڈی سنجے نے بے شرمی کی تمام حدیں پار کردی ۔ اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے بنڈی سنجے تلنگانہ حکومت کے خلاف مسلسل مکتوبات روانہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے بنڈی سنجے کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ حکومت کو مکتوبات روانہ کرنے کے بجائے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے آئی ٹی آر پراجکٹ حیدرآباد کو منظور کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں ۔ پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے آئی ٹی آر پراجکٹ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہیں مکتوب روانہ کرنے کا بنڈی سنجے کو مشورہ دیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد جون 2014 کو ہی چیف منسٹر کے سی آر نے آئی ٹی آر پراجکٹ کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا تھا ۔ ستمبر 2014 میں تمام تفصیلات پر مشتمل ایک یادداشت مرکزی حکومت کو پیش کی گئی ۔ اس کے بعد سے کئی مرتبہ وزیراعظم اور مرکزی وزیر آئی ٹی سے نمائندگی کی گئی ۔ وہ خود بھی یادداشت پیش کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ باوجود اس کے مرکزی حکومت نے کوئی مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔ صرف تلنگانہ کو نہیں یہ پراجکٹ منظور ہونے والی دوسری ریاستوں آندھرا پردیش ، کرناٹک اور اڈیشہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ بغیر معلومات کے بنڈی سنجے صرف تنقید برائے تنقید کررہے ہیں ۔ اس کے لیے بی جے پی پوری طرح ذمہ دار ہے ۔ بی جے پی اس مسئلہ پر ڈرامہ بازی کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس پراجکٹ کے لیے تلنگانہ حکومت 2014 سے تحریر کردہ مکتوبات اور تیار کردہ ڈی پی آر پیش کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔۔