تلنگانہ تا چھتیس گڑھ پیدل سفر کرنے والی خاتون مزدور نے سڑک پر بچہ کو جنم دیا

   

حیدرآباد 5مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک چونکا دینے والا واقعہ میں ایک نقل مکانی کرنے والی حاملہ مزدورنے راستہ میں ہی بچہ کو جنم دیا۔یہ خاتون اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ تلنگانہ سے چھتیس گڑھ پیدل جارہی تھی کہ ضلع میدک کے نارسنگی منڈل کے جپتی شیوانور گاوں کے قریب اس کو درد شروع ہوگئے ۔چونکہ اس کو چلنے میں کافی دشواری ہورہی تھی اور اس کو منتقل کرنے کے لئے گاڑی بھی نہیں تھی۔اس کے دیگر خاتون مزدوروں اور اس کے شوہر نے سڑک کے کنارے ہی اس کی زچگی کروانے کا فیصلہ کیا۔کسی بھی قسم کی طبی سہولت نہ ہونے کے پیش نظر انیتا کی ساتھی دیگر خاتون مزدوروں اور گاوں کی ایک خاتون نے سڑک پر ہی اس کی زچگی کیلئے مدد کی۔اس بات کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے اس خاتون کو پرائیویٹ گاڑی میں ایریا اسپتال منتقل کیا۔بعدازاں ڈاکٹرس نے خاتون اور نوزائیدہ کا معائنہ کرتے ہوئے ان کو طبی سہولیات فراہم کی۔اس خاتون نے حاملہ ہونے کے باوجود تقریبا70کیلومیٹر تک پیدل سفر کیا۔