چیف منسٹر کے دورہ ورنگل پر پولیس کی کارروائی ، جذبات سے مغلوب خاتون کا ویڈیو وائرل
حیدرآباد : تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والی ٹی آر ایس خاتون قائد رحیم النساء بیگم کو بھی پولیس نے چیف منسٹر کے سی آر کے دورہ ورنگل کے موقع پر اپوزیشن جماعتو ں کانگریس اور بی جے پی قائدین کی طرح گھر میں قید کردیا جس پر رحیم النساء بیگم جذباتی ہوگئیں اور سوشیل میڈیا میں آنسو بہاتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ علحدہ تلنگانہ تشکیل پانے کے بعد کیا مرجانا چاہیئے ، انہیں گھر میں کیوں قید کیا گیا ، پولیس سے وہ استفسار کرچکی ہیں جس پر پولیس نے بتایا کہ انہیں گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے ۔ وہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتی تھی ، تب پولیس نے انکے خلاف 153 مقدمات درج کئے مگر گھر پر کبھی قید نہیں کیا لیکن افسوس کہ علحدہ تلنگانہ تشکیل پانے کے بعد انہیں قید کیا گیا ، اس کے پیچھے کس کی سازش ہے وہ واقف نہیں ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ کی تحریک میں بڑچڑھ کر حصہ لیا کبھی عہدوں کیلئے لالچ نہیں دکھائی صرف چیف منسٹر پر بھروسہ کرکے وہ ٹی آر ایس میں برقرار ہیں ۔ انہیں یقین ہے ابھی نہیں تو کچھ دن بعد ہی سہی تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والوں کو اہمیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ورنگل کے ٹی آر ایس قائدین نے انہیں چیف منسٹر سے ملاقات سے روکنے گھر میں نذربند کردیا ہے ، ان کی یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔