1969 تحریک میں اہم رول، چیف منسٹر اور ریاستی وزراء کا خراج
حیدرآباد: علحدہ تلنگانہ تحریک کے سرگرم قائد ڈاکٹر کے چرنجیوی کا طویل علالت کے بعد آج حیدرآباد کے ہاسپٹل میں دیہانت ہوگیا۔ 74 سالہ چرنجیوی نے 1969 میں علحدہ تلنگانہ کی پہلی جدوجہد میں اسٹوڈنٹ لیڈر کی حیثیت سے اہم رول ادا کیا تھا ۔ ڈاکٹر چرنجیوی ورنگل سے تعلق رکھتے تھے اور انہوں نے کاکتیہ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تکمیل کی ۔ 1969 ء میں تلنگانہ تحریک سے وابستہ افراد پر مشتمل فورم کے کنوینر رہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ڈاکٹر چرنجیوی کے دیہانت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خراج پیش کیا ۔ انہوں نے تاریخی پیام میں کہا کہ چرنجیوی کی زندگی سماج کیلئے مثالی تھی۔ تلنگانہ تحریک سے وابستہ پہلی نسل کے جہد کار ڈاکٹر چرنجیوی نے اعلیٰ تعلیم کے بعد سماجی خدمت کے محاذ پر نمایاںکام انجام دیئے ۔ چیف منسٹر نے لواحقین سے دلی تائید کا اظہار کیا ۔ ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ ، وزراء ہریش راؤ ، ای راجندر ، کے ایشور ، دیاکر راو اور سرینواس گوڑ کے علاوہ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے ڈاکٹر چرنجیوی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں سی ایم ریلیف فنڈ سے علاج کے لئے 10 لاکھ روپئے منطور کئے گئے اور وزیر صحت نے دواخانہ پہنچ کر مکتوب حوالے کیا تھا۔