سرمایہ کاری کے ذریعہ روزگار کے مواقع، سی آئی آئی کے اجلاس سے ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ ہر شعبہ میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور وہ ملک کی تیز رفتار ترقی پذیر اور فلاحی اسکیمات پر عمل کرنے والی ریاست بن چکی ہے۔ بھٹی وکرمارکا کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز کی جانب سے چیف فینانشیل آفیسرس کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سماجی انصاف مساوات اور تمام طبقات کی یکساں ترقی کے عہد کا پابند ہے۔ صنعتوں کے قیام کے لئے تلنگانہ کا ماحول سازگار ہے جس کے نتیجہ میں تین لاکھ کروڑ سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے آؤٹر رنگ روڈ کو حکومت کی اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریجنل رنگ روڈ کو ترقی دی جارہی ہے جو ایک اہم انفراسٹرکچر پراجکٹ ہے۔ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر سے کئی صنعتی مراکز قائم ہوں گے جن میں فارما ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، اگریکلچر اور ہینڈ لوم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ادارے حیدرآباد میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ لندن کی تھیمس ندی کے طرز پر موسیٰ ندی کو ترقی دینے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کیلئے اسکل یونیورسٹی قائم کی ہے۔ 24 گھنٹے ہر شعبہ کو بلا وقفہ برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے 100 آئی ٹی آئیز کو اڈوانسڈ ٹکنالوجی سنٹر میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ، سکندرآباد اور سائبر آباد کی طرح عنقریب فیوچر سٹی قائم کی جائے گی۔ جس میں عالمی اداروں نے سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے صنعت کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی میں حصہ دار بنیں تاکہ مجموعی ترقی کے علاوہ نوجوانوں کیلئے روزگار فراہم کیا جاسکے۔ تلنگانہ حکومت صنعتوں کیلئے کئی مراعات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی کے اس دور میں تلنگانہ آرٹیفیشل انٹلیجنس اور دیگر شعبہ جات کے مرکز میں تبدیل ہورہا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ سی آئی آئی کے نمائندوں شیکھر ریڈی ، آر شیوا پرساد ریڈی ، ڈاکٹر موہن ریڈی ، ایم وی نرسمہم ، سید سمیع الدین اور دوسروں نے شرکت کی۔1