تلنگانہ ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ، امن برقرار

   

مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات، کاماریڈی میں محمود علی کا خطاب

کاماریڈی :5؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)وزیر داخلہ مسٹر محمود علی نے آج کاماریڈی میں مسلمانوں کے کثیر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی پسماندگی کے ذمہ دار کانگریس پارٹی ہی ہے اور ریونت ریڈی آر ایس ایس ذہنیت کے حامل ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی سے اتحاد نہ کرنے کا عہد کیا تھا لیکن ریونت ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو کو منوا کر بی جے پی سے اتحاد کروایا۔ مسلمانوں کی پسماندگی کی اصل ذمہ دار کانگریس پارٹی ہی ہے۔مسٹرمحمود علی نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس ملک میں 50 سال تک اقتدار پر رہی لیکن مسلمانوں کی ترقی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کی اور فرقہ وارانہ فسادات کراتے ہوئے بی جے پی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا اور فسادات کے بعد مسلمانوں کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے مسلمانوں میں ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لایا کرتے تھے لیکن 2014 میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ امن و ضبط کی برقراری کے لیے بڑے پیمانے پر پولیس عہدیداروں کو اس بات کی واضح طور پر ہدایت دی کہ تلنگانہ میں کوئی بھی دنگا فساد ہوا تو سخت اقدامات کئے جائیں گے اور تلنگانہ میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے جس کی وجہ سے تلنگانہ میں خوشحالی اور امن و برقرار ہے۔چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ واحد چیف منسٹر ہیں جو مسلمانوں کی فلاح و بہبودی کیلئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کرتے ہوئے اپنے سیکولرزم کا ثبوت پیش کیا۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والے عبداللہ سہیل نے پردیش کانگرس کے صدر ریونت ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی میں آر ایس ایس کا چولہ پہن کرکام کر رہے ہیں۔