تلنگانہ تشکیل نہ پاتا تو کے سی آر خاندان درگاہ یوسفینؒ کے پاس بھیک مانگتا

   

کانگریس نے کے سی آر کو سیاسی بھیک دی، ونپرتی، ناگرکرنول اور اچم پیٹ میں ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی تلنگانہ ریاست تشکیل نہ دیتی تو کے سی آر خاندان درگاہ یوسفینؒ کے پاس بھیک مانگنے پر مجبور ہوتا۔ کانگریس پارٹی نے کے سی آر کو سیاسی بھیک دی ہے جس کے نتیجہ میں آج وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر پہنچ پائے۔ تلنگانہ میں 9 ڈسمبر کو اندراماں راجیم کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کی انتخابی مہم کے طور پر آج ونپرتی، ناگرکرنول اور اچم پیٹ میں کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب کیا۔ ریونت ریڈی نے بی آر ایس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ کانگریس کی کامیابی روکنے کیلئے دونوں پارٹیاں متحدہ طور پر سازش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کا 10 سالہ دور حکومت کرپشن اور بدعنوانیوں سے پُر رہا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے ٹی آر نے سینکڑوں ایکر اراضی پر فارم ہاؤز تعمیر کئے ہیں اور ریاستی وزیر نرنجن ریڈی نے بھی اثاثہ جات اکٹھا کئے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ کے قیام سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ کے سی آر خاندان کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ کے سی آر، کے ٹی آر، ہریش راؤ، کویتا اور سنتوش کمار کو عہدے حاصل ہوئے ہیں۔ کے سی آر نے دلت اور گریجن طبقات کے ساتھ دھوکہ دیا ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن گذشتہ دس برسوں میں پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ امتحانات کے شفافیت کے ساتھ انعقاد میں ناکامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی پرچہ جات کا افشاء تلنگانہ میں معمول بن چکا ہے۔ ریونت ریڈی نے آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میڈی گڈہ بیاریج کو نقصان غیر معیاری کاموں کا نتیجہ ہے۔ کانگریس برسراقتدار آتے ہی کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرائے گی۔

9 ڈسمبر کو تلنگانہ پر کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ناگر کرنول اور اطراف کے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے اندراماں راج کے بارے میں کے سی آر کے ریمارکس کی مذمت کی اور کہا کہ جس کانگریس نے سیاسی بھیک دی ہے اس کے خلاف بیان بازی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2004 میں ہریش راؤ ربر کی چپل کے ساتھ سیاسی میدان میں آئے تھے اور رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اثاثہ جات بے حساب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے محبوب نگر ضلع کی تمام 14 اسمبلی نشستوں پر کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں تبدیلی کی لہر ہے اور کانگریس برسراقتدار آتے ہی 6 ضمانتوں پر عمل کیا جائے گا۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے ناگرکرنول میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ کے سی آر حکومت کو بیدخل کریں۔