تلنگانہ جاگروتی مضبوط اپوزیشن کے طورپر ابھرے گی :کویتا

   

ضلع میدک میں حقیقی مسائل پرتوجہ نہیں‘عوام مایوسی کے شکار‘ ہریش رائوودیگرپرتنقید

میدک، 15 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جاگرتی جنم باٹا پروگرام کے سلسلے میں میدک ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جاگرتی صدر کلواکنتلا کویتا نے عوامی مسائل، پراجکٹوں کی بے قاعدگیوں، کسانوں کی مشکلات اور ضلعی سطح پر ضروری سہولتوں کے فقدان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میدک کو ایک وقت میں ’’نیکسٹ نیویارک‘‘ سمجھا گیا تھا، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس نظر آ رہی ہے اور عوام کئی مشکلات سے دوچار ہیں۔ کویتا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس میں موجود چند قائدین کی وجہ سے خطیر عوامی مفادات پس پشت ڈالے گئے اور یہی صورتحال پارٹی کے زوال کا سبب بنی۔انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کو ضلع میں پیش آنے والی بے قاعدگیوں کا علم ہوتا تو وہ ہرگز اس کی اجازت نہ دیتے۔ آر آر آر پراجکٹ، کالیشورم پیکجس اور ریلویز کے تحت اراضیات کی نشاندہی میں بڑے پیمانے پر غریب کسانوں کو نقصان ہوا جبکہ چند سرکردہ قائدین کے مفادات کی حفاظت کی گئی۔ کویتا نے دعویٰ کیا کہ محض تین قائدین ہریش راؤ اور گنگولا کملاکرنوین راؤ کی خاطر 56 کسانوں کی 59 ایکڑ اراضی متاثر ہوئی جس سے کسان شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔انھوں نے ہریش راؤ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔کویتاکی جانب سے میدک کے تعلیمی، طبی اور بنیادی سہولتوں کے فقدان پر بھی شدید تنقید کی گئی۔ کویتانے ضلع کے اقامتی ہاسٹلز کی حالت پر بھی سوال اٹھایا۔ بتایا کہ کوڑی پلی کے گرلس ہاسٹل عملاً غیر محفوظ مقام پر چل رہا ہے جہاں بچوں کی حفاظت کے لیے اساتذہ کو انتہائی دشوار حالات میں ڈیوٹی انجام دینی پڑ رہی ہے۔ رکنِ پارلیمان یا سابق وزراء کہلانے والے قائدین نے ضلع کے حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دی جس کے سبب عوام مایوسی کا شکار ہیں۔کویتانے مزید کہا کہ اگر بی آر ایس بطور اپوزیشن اپنا کردار صحیح طور پر ادا نہیں کرتی تو جاغرتی تنظیم عوامی مسائل کو لے کر مضبوط اپوزیشن کے طور پر ابھرے گی۔آخر میں انہوں نے ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینا یا نہیں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کیساتھ کانگریس نے نا انصافی کی ہے۔