ریاستی حکومت نے اسٹائیفنڈ میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے کل 30 جون سے ہڑتال کے اعلان سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ حکومت کی جانب سے اسٹائیفنڈ میں اضافے کے فیصلے کے بعد جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا۔ اسوسی ایشن کے مطابق جونیر ڈاکٹرس حسب معمول اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ وزیر صحت دامودرراج نسمہا نے آج شام جونیر ڈاکٹرس کے نمائندوں کو بات چیت کے لئے مدعو کیا تھا لیکن بات چیت سے قبل ہی حکومت نے ہاوز سرجن، پوسٹ گریجویٹ ڈگری، پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما، سوپر اسپیشالیٹی اور سینئر ریسیڈنٹس کے لئے اسٹائیفنڈ میں 15 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ جی او ایم ایس 90 کے تحت ہاوز سرجن میڈیکل کا اسٹائیفنڈ 25906 سے بڑھاکر 29792 روپے ماہانہ کیا گیا ہے جبکہ ہاوز سرجن ڈنٹل کو بھی یکساں طور پر 29792 روپے بطور اسٹائیفنڈ ادا کئے جائیں گے۔ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کے تحت فرسٹ ایئر کے لئے 67032 روپے، سکنڈ ایئر 70757 روپے اور تھرڈ ایئر کو 74482 روپے ادا کئے جائیں گے۔ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما طلبہ کے لئے فرسٹ ایئر میں 67032 اور سکنڈ ایئر کے لئے 70757 روپے ادا کئے جائیں گے۔ سوپر اسپیشالیٹی فرسٹ ایئر میں 106461 روپے، سکنڈ ایئر کے لئے 111785 روپے اور تھرڈ ایئر کے لئے 117103 روپے ادا کئے جائیں گے۔ ایم ڈی سرجنس کے لئے فرسٹ ایئر میں 67032 ، سکنڈ ایئر 70757 اور تھرڈ ایئر میں 74482 روپے اسٹائیفنڈ ادا کیا جائے گا۔ سینئر ریسیڈنس کے اعزازیہ کو ماہانہ 92575 روپے سے بڑھا کر 106461 روپے کیا گیا ہے۔ 1