صدرنشین حج کمیٹی خسرو پاشاہ نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ حج ٹرمینل کا معائنہ کیا
حیدرآباد : 4 جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے آج راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے مین ٹرمینل کا دورہ کیا اور حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جی ایم آر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو موثر انتظامات کی ہدایت دی اور بتایا کہ 13 جون سے حجاج کرام کے قافلوں کی آمد کا آغاز ہوگا اور 9 جولائی کو آخری قافلہ حیدرآباد پہنچے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی روانگی کا 19 مارچ سے آغاز ہوا تھا اور 29 مئی کو روانگی کا عمل مکمل کیا گیا۔ مولانا خسرو پاشاہ نے عہدیداروں سے کہا کہ عازمین حج کے لیے واپسی پر حج ٹرمینل میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جس طرح روانگی کے موقع پر موثر سہولتیں فراہم کی گئی تھیں اسی طرح واپسی پر بھی تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے لیے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے ایمگریشن اور کسٹمس کے حکام سے خواہش کی کہ ضروری امور کی تکمیل جلد مکمل کرتے ہوئے حجاج کرام کو روانہ کیا جائے۔ انہوں نے حجاج کرام کے استقبال کے لیے آنے والے رشتہ دار اور دوست احباب کے لیے علیحدہ انتظامات کی خواہش کی۔ واضح رہے کہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 9331 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوئے۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، دہلی، جموں کشمیر، جھارکھنڈ، کرناٹک، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، اوڈیشہ اور اترپردیش کے بعض عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے 6738 عازمین کی روانگی عمل میں آئی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی انتظامات کے سلسلہ میں حج انسپکٹرس سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج منٰی سے عرفات کے لیے رات میں روانہ ہوئے اور کل 5 جون جمعرات کو یوم عرفہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام عازمین خیریت سے ہیں اور مناسک حج بہتر طور پر ادا کررہے ہیں۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر معائنہ کے موقع پر حج کمیٹی کے ارکان سید اظہر علی، محمد مجیب الدین، محمد لئیق، ایڈیشنل بی سی اے ایس کے ایم ریڈی، ڈپٹی کمانڈینٹ سی آئی ایس ایف شریمتی آر سی مینا، ایڈیشنل ایف آر او شمندر، سعودی ایرلائنس کے محمد واحد علی، کسٹمس کے سنیل، گووردھن، جی ایم آر سکیوریٹی کے سجیت، سمت کپور اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 1