پہلے قافلہ کا حیدرآباد ایرپورٹ پر استقبال، آج مزید 4 قافلوں کی آمد
حیدرآباد۔/23 جون، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے فریضہ کی خوشگوار ادائیگی کے بعد تلنگانہ حجاج کرام کی واپسی کا آج سے آغاز ہوگیا۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ آج صبح سعودی ایر لائینس کی خصوصی پرواز سے جدہ سے حیدرآباد پہنچا۔ پہلے قافلہ میں 294 حجاج کرام شامل ہیں۔ راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدر اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائٹی فہیم قریشی، ایگزیکیٹو آفیسر شیخ لیاقت حسین، اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف اور حج کمیٹی کے ارکان نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ حجاج کرام کو ایر پورٹ پر 5 لیٹر زم زم کا کیان حوالے کیا گیا۔ حجاج کرام کے پہلے قافلہ کی آمد کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ حجاج کے رشتہ دار اور دوست احباب کثیر تعداد میں استقبال کیلئے موجود تھے اور تقریباً 40 دن کے بعد حجاج کرام کی اپنے گھر والوں سے جذباتی ملاقات دیکھی گئی۔ اس موقع پر حجاج کرام نے سعودی عرب میں قیام اور ایام حج کے دوران درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ حجاج کرام کا رد عمل ملا جلا رہا۔ بعض حجاج کرام نے ایام حج کے دوران مقامی حکام کی جانب سے انتظامات میں کوتاہیوں کی شکایت کی جبکہ دوسروں نے انتظامات کو مجموعی طور پر اطمینان بخش قراردیا۔ صدرنشین حج کمیٹی اور دوسروں نے حجاج کرام کو فریضہ حج اور زیارت مدینہ منورہ کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا غلام افضل بیابانی نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں تلنگانہ کے حجاج کرام خیریت سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام ریاستی اور مرکزی حج کمیٹی کے رول سے واقف ہیں۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔1