تلنگانہ حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی مکمل

   

صدرنشین حج کمیٹی مولانا خسرو پاشاہ نے آخری قافلہ کا استقبال کیا
حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2025 میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حیدرآباد امباکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کے تمام قافلے واپس ہوچکے ہیں۔ 30 قافلوں کے ذریعہ جملہ 9005 حجاج کرام جدہ اور مدینہ منورہ سے خصوصی پروازوں کے ذریعہ حیدرآباد واپس ہوئے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے حجاج کرام کے آخری قافلہ کا شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ حجاج کرام نے بہتر انتظامات کی ستائش کی اور بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے حج انسپکٹرس نے بھی مکمل رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب میں بھی موثر انتظامات کو یقینی بنانے پر اظہار تشکر کیا۔ حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 13 جون کو آغاز ہوا تھا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے علاوہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام بھی حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔ مولانا خسرو پاشاہ نے حج 2026 کے خواہشمند افراد سے اپیل کی کہ وہ آن لائین در خواستوں کی سہولت سے استفادہ کریں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ 31 جولائی مقرر کی ہے۔ درخواست گزاروں کے پاس 31 ڈسمبر 2026 تک کارکرد انٹرنیشنل پاسپورٹس ہونا چاہئے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے درخواست گزاروں کی رہنمائی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 1