تلنگانہ حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا آج سے آغاز

   

صبح 8 بجے پہلے قافلہ کی آمد، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم استقبال کریں گے
حیدرآباد ۔14۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا کل 15 جولائی سے آغاز ہوگا۔ حجاج کرام کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ سے وستارا ایر لائینس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ ہفتہ کی صبح 8 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے حجاج کرام کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روانگی کے اعتبار سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی عمل میں آئے گی۔ 15 جولائی تا 30 جولائی جملہ 46 پروازوں کے ذریعہ حجاج کرام وطن واپس ہوں گے۔ ایرپورٹ پر محمد سلیم اور حج کمیٹی کے ارکان اور عہدیدار پہلے قافلہ کا استقبال کریں گے۔ محمد سلیم کی جانب سے ایرپورٹ پر ریفریشمنٹ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ حجاج کرام کو 5 لیٹر زم زم کا کیان ایرپورٹ پر حوالے کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ حجاج کرام کو ایرپورٹ سے نکلنے میں ضروری امور کی تکمیل میں آسانیاں پیدا کریں۔ امیگریشن اور کسٹمس کے حکام کو حجاج کرام کیلئے علحدہ کاؤنٹرس قائم کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ حجاج کرام کے سامان کی منتقلی میں والینٹرس مدد کریں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ ہفتہ کے دن دو قافلوں کی واپسی ہوگی۔ پہلا قافلہ صبح 8 بجے جبکہ دوسرا قافلہ رات 8.30 بجے واپس ہوگا۔ روزانہ تین قافلے وطن واپس ہوں گے ۔ پہلے قافلہ کے حجاج کرام کا لگیج مدینہ منورہ میں وستارا ایر لائینس نے حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ سے روزانہ حجاج کرام کے قافلے مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں جہاں مسجد نبوی کے قریب رہائش کا انتظام کیا گیا ہے ۔ تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور مسجد نبوی میں عبادات میں مصروف ہیں۔ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کا 8 دن قیام رہے گا ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 عازمین کرام روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ حج کمیٹی کے 5583 عازمین شامل ہیں۔ کرناٹک کے 867 ، مہاراشٹرا 528 ، آندھراپردیش 49 ، بہار 3 ، چھتیس گڑھ 7 ، جھارکھنڈ 2 اور ٹاملناڈو کے ایک عازم کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئی تھی۔ر