تلنگانہ حجاج کرام کے قافلوں کی ہفتہ سے حیدرآباد واپسی، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا بیان

   

حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ حجاج کرام کے قافلے 15 جولائی سے واپس ہوں گے اور حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر واپسی کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات کی جانب سے ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ مکہ مکرمہ سے حجاج کرام کے 22 قافلے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کے بعد واپسی کے شیڈول کے تحت قافلے مکہ مکرمہ سے روانہ ہورہے ہیں۔ تلنگانہ کے تمام حجاج کرام خیریت سے ہیں اور پہلا قافلہ 15 جولائی کی صبح 8 بجے حیدرآباد ایر پورٹ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ سے وستارہ ایر لائنز کی 47 خصوصی پروازوں سے حجاج کرام کی واپسی ہوگی۔ روزانہ تین قافلے وطن واپس ہوں گے اور آخری قافلہ 30 جولائی کو حیدرآباد پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں خادم الحجاج اور حج مشن کے عہدیداروں سے ربط میں ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی سے 5583 حجاج کرام نے فریضہ حج کی تکمیل کی ہے جبکہ کرناٹک کے 867 ، مہاراشٹرا 528 ، آندھرا پردیش 49 ، بہار 3 ، چھتیس گڑھ 7 ، جھارکھنڈ 2 اور ٹاملناڈو کے ایک حاجی کی حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانگی عمل میں آئی ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 7040 عازمین کرام کی روانگی عمل میں آئی تھی۔ محمد سلیم نے ایرپورٹ پر حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر اپنے ذاتی خرچ سے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا ہے۔ ایرپورٹ پر حجاج کرام کو 5 لیٹر زم زم حوالے کیا جائے گا۔ر