حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے 750 حجاج کرام پر مشتمل 5 قافلے گذشتہ دو دنوں میں مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوچکے ہیں۔ پہلے دن ہفتہ کو 2 قافلوں کی واپسی عمل میں آئی تھی جبکہ آج 3 قافلے واپس ہوئے اور ہر قافلے میں 150 حجاج کرام موجود تھے۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایر پورٹ پر حج کمیٹی کے عہدیداروں نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور ایمیگریشن اور کسٹمس کی جلد تکمیل میں رہنمائی کی۔ وستارہ ایر لائنز کی خصوصی پروازوں سے حجاج کرام کی واپسی عمل میں آرہی ہے۔ تلنگانہ کے بیشتر حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ 8 دن قیام کریں گے اور مسجد نبویؐ میں 40 نمازیں ادا کی جائیں گی۔ واپسی کے شیڈول کے مطابق قافلوں کو مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ منتقل کیا جارہا ہے۔ حجاج کرام نے ایام حج اور قیام مکہ و مدینہ کے دوران حکومت سعودی عرب کی جانب سے موثر انتظامات کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات پر ذمہ داروں سے اظہار تشکرکیا۔ کل 17 جولائی کو 3 قافلے واپس ہوں گے۔ آخری قافلہ 30 جولائی کو حیدرآباد پہنچے گا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ 5583 عازمین روانہ ہوئے تھے جبکہ دیگر ریاستوں کے عازمین کے بشمول حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 7040 عازمین کی روانگی عمل میں آئی تھی۔ر