تلنگانہ حج کمیٹی عازمین کے 13 قافلوں کی سعودی عرب روانگی

   

محمد سلیم اور مجیب الدین نے بسوں کو جھنڈی دکھائی
حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین حج کے 13 قافلے سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں جن کے ذریعہ 1950 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم اور صدرنشین اردو اکیڈیمی ایم کے مجیب الدین نے آج حج ہاوز نامپلی سے عازمین حج کے 3 قافلوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ پہلا قافلہ صبح 4:45 بجے جبکہ دوسرا قافلہ 10:15 بجے صبح اور تیسرا قافلہ شام 4:15 بجے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے وستارہ ایر لائنز کی خصوصی فلائیٹس سے روانہ ہوئے۔ قبل ازیں حج ہاوز نامپلی میں مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی اور مولانا انوار احمد نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج و عمرہ بیان کئے۔ انہوں نے عازمین کو اپنا وقت عبادات و اذکار میں صرف کرنے کی تلقین کی۔ صدرنشین محمد سلیم نے عازمین سے کہا کہ وہ دنیاوی امور پر توجہ نہ دیں اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عبادات میں مصروف رہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں عزیزیہ کی رہائشی عمارتوں میں بہتر انتظامات پر عازمین حج نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ خادم الحجاج اور کئی عازمین حج نے فون پر تفصیلات سے واقف کرایا۔ اسی دوران کل 12 جون سے 15 جون تک عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے شیڈول میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے۔ وستارہ ایر لائنزکی خصوصی پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے اور نئے اوقات کے مطابق عازمین حج کو حج ہاوز سے ایرپورٹ روانہ کیا جائے گا۔ صدرنشین محمد سلیم، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف حج کیمپ انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ر