تلنگانہ حج کمیٹی کو 5050 درخواستیں موصول ڈسمبر کے دوسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) حج 2020 ء کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی کو تاحال 5050 درخواستیں آن لائین موصول ہوئی ہیں جن میں 170 درخواستیں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ سے متعلق ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے اورحج کمیٹی آف انڈیا کے شیڈول کے مطابق ڈسمبر کے دوسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپس کا یکم اپریل سے آغاز ہوگا۔ خادم الحجاج کے انتخاب اور ان کی ٹریننگ کا عمل فروری میں شروع ہوگا۔ تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی کا 25 جون سے آغاز ہوگا۔ اسی دوران اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی عرفان شریف نے بتایا کہ ایسے افراد جن کے پاس مشین سے پڑھا جانے والا پاسپورٹ موجود ہو اور جس کی مہلت 20 جنوری 2021 ء تک برقرار ہو، ایسے افراد آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر موبائیل فون کے ذریعہ درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواست گزاروں کو شرائط کے مطابق ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں۔