حیدرآباد ۔ 10۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے 4 قافلے سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ 8 مئی سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوا تھا ۔ آج دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی ۔ پہلا قافلہ صبح 9.55 بجے اور دوسرا قافلہ شام 4.30 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوا۔ حج کمیٹی کے اگزیکیٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین اور اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے حج ہاؤز میں خصوصی بسوں کو روانہ کیا۔ حج کیمپ میں عازمین حج کے مناسک حج اور دیگر عبادتوں کے بارے میں رہنمائی کی گئی ۔ چار قافلوں کے ذریعہ تقریباً 1145 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مسجد نبوی سے متصل ہوٹل میں قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔ قافلہ میں تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے عازمین شامل ہیں۔ اسی دوران کل 11 مئی کو عازمین کے تین قافلے روانہ ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح کی ابتدائی ساعتوں میں 2.25 بجے روانہ ہوگا جبکہ دوسرا قافلہ صبح 8.30 بجے اور تیسرا قافلہ صبح 9.10 بجے مدینہ منورہ کیلئے پرواز کرے گا۔ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر تمام متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے عازمین حج کی موثر رہنمائی کی جارہی ہے۔ مدینہ منورہ سے خادم الحجاج نے رپورٹ دی ہے کہ چاروں قافلوں کے عازمین مسجد نبوی میں عبادات میں مصروف ہیں۔ مدینہ منورہ میں 7 دن قیام کے بعد عازمین مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ 1