23 قافلوں سے 5 ریاستوں کے 8,300 عازمین کی روانگی ، ریاست کی ترقی خوشحالی کیلئے دُعا کی اپیل
حیدرآباد۔ 4 اگست (سیاست نیوز) عازمین حج کے آخری قافلے کی روانگی کے ساتھ تلنگانہ حج کمیٹی کا حج کیمپ 2019ء آج اختتام کو پہونچا۔ آخری قافلے میں 354 عازمین حج ایرانڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعہ آج صبح جدہ روانہ ہوگئے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آخری قافلے کو حج ہاؤز سے وداع کیا۔ تلبیہ کی گونج میں آر ٹی سی کی خصوصی بسوں سے عازمین کو حج ٹرمنل شمس آباد منتقل کیا گیا۔ اس قافلے میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے عازمین شامل تھے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے آندھرا پردیش کے تمام عازمین حیدرآباد ’’امبارکیشن پوائنٹ‘‘ سے روانہ ہورہے ہیں۔ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے چند اضلاع کے عازمین کی روانگی بھی حیدرآباد سے ہوتی رہی لیکن یہ پہلا موقع تھا کہ ٹاملناڈو کے ویٹنگ لسٹ کے عازمین بھی حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ حیدرآباد سے جملہ 23 قافلوں کے ذریعہ 5 ریاستوں کے 8,300 سے زائد عازمین سعادت حج بیت اللہ اور زیارت مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئے۔ آخری قافلے میں حج کمیٹی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف اور دیگر دو ملازمین خادم الحجاج کی حیثیت سے روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ حج کیمپ کا آغاز 17 جولائی کو ہوا اور 18 جولائی کو کرناٹک کے عازمین کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ روانہ ہوا تھا۔ اس کے بعد 26 جولائی سے پروازوں کا آغاز ہوا اور مسلسل 22 قافلے جدہ روانہ ہوئے۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 31 اگست سے آغاز ہوگا۔ پہلا قافلہ جدہ سے حیدرآباد واپس ہوگا جبکہ باقی 22 قافلے 6 ستمبر تا 15 ستمبر مدینہ منورہ سے وطن واپس ہوں گے۔
شہر میں آج بارش کے سبب انتظامات میں دشواریاں پیش آئیں۔ آخری قافلے کو وداع کرنے والوں میں وزیر داخلہ محمود علی کے علاوہ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ آئی ایف ایس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ محمود علی نے عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور دعاؤں کی درخواست کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عازمین حج خوش قسمت ہیں کیونکہ وہ اللہ کے مہمان ہوتے ہیں۔ عازمین اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کریں اور دنیاوی اُمور پر توجہ نہ دیں۔ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر، عازمین کی بہتر خدمت کیلئے ہدایت دیتے ہیں اور تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کا یکساں احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حج کوٹہ میں اضافہ کی مساعی کی گئی۔ جاریہ سال دو مراحل میں 1500 عازمین کا کوٹہ کا اضافہ کیا گیا۔ جاریہ سال حج کمیٹی کو 5 ریاستوں کی خدمت کا موقع ملا۔ انہوں نے عازمین سے کہا کہ کعبۃ اللہ اور گنبد خضریٰ پر پہلی نگاہ پڑتے ہی پہلے اپنے لئے اور افرادِ خاندان کے لئے دعا کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کی صحت و سلامتی، ریاست کی ترقی کیلئے بھی خصوصی دعا کریں۔ یہ حقیقی سکیولر قائد ہیں اور مسلمانوں سے محبت کرتے ہیں۔ صدر حج کمیٹی مسیح اللہ اور ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے کیمپ کے انعقاد کے سلسلے میں تمام محکمہ جات اور والینٹرس سے اظہار تشکر کیا۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ سینکڑوں والینٹرس ہی حج کیمپ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ علمائے کرام نے مناسک حج پر مخاطب کیا اور رقت انگیز دعا کی گئی۔
