تلنگانہ حکومت جنگل پر بلڈوزر چلانے میں مصروف، نریندر مودی کا ریمارک

   

Ferty9 Clinic

جنگلاتی اثاثہ جات اور ماحولیات کو خطرہ، ہریانہ میں جلسہ عام میں تلنگانہ کا تذکرہ
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے کنچہ گچی باؤلی اراضی معاملہ میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہریانہ میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ جنگل پر بلڈوزر کارروائیوں میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت مصروف ہے۔ تلنگانہ حکومت کی کارروائیوں سے جنگلاتی زندگی اور ماحولیات کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت جنگلاتی اثاثہ جات کو تباہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ نریندر مودی نے کہاکہ کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب وزیراعظم نریندر مودی نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی سے متصل 400 ایکر اراضی تنازعہ کے بارے میں کوئی تبصرہ کیا ہو۔ وزیراعظم نے کہاکہ بی جے پی اقتدار کو سیاسی اغراض کے لئے استعمال کرنے کے بجائے عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ کانگریس زیراقتدار ریاستوں میں جو بھی صورتحال ہے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ کانگریس حکومتوں نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ وزیراعظم نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ تلنگانہ حکومت کو جنگلات پر بلڈوزر چلانے کا ذمہ دار قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ماحولیات کے تحفظ کے لئے کام کررہی ہے جبکہ کانگریس حکومت جنگلوں کا صفایا کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے اُن سے انحراف کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے گچی باؤلی اراضی کے معاملہ میں بڑے پیمانہ پر مہم چھیڑ رکھی ہے۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ یہ اراضی یونیورسٹی کی ہے اور جنگل کی صفائی کا کام فوری روک دیا جانا چاہئے۔1