تلنگانہ حکومت مرکزی فنڈس کا بیجا استعمال کر رہی ہے: بنڈی سنجے

   

عہدیدارریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے مرکزی حکومت کے منظورہ فنڈس کو دیگر اسکیمات کیلئے استعمال کرنے کا ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کر رہی ہے۔ ریاست میں سڑکوں اور ریلوے لائین کے نیٹ ورک کو بڑے پیمانہ پر فروغ دیا جارہا ہے ۔ مختلف اسکیمات کیلئے فنڈس جاری کئے جارہے ہیں لیکن ریاستی حکومت ان فنڈس کا بیجا استعمال کر رہی ہے۔ بی آر ایس کے دس سالہ حکومت میں بھی فنڈس کو دوسری اسکیمات کیلئے منتقل کیا گیا ۔ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔ آج بنڈی سنجے نے اضلاع کریم نگر ، راجناسرسلہ کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مرکزی مملکتی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی حکومت فنڈس کی اجرائی میں کوئی جانبداری نہیں کرتی۔ بی جے پی ریاستوں کو جو فنڈس جاری کئے جارہے ہیں ، وہی فنڈس غیر بی جے پی ریاستوں کو دیئے جارہے ہیں، مگر وہاں کی حکومتیں ان فنڈس کا بیجا استعمال کر رہی ہیں۔ بی آر ایس کے دس سالہ حکومت میں لاکھوں کروڑہا روپئے تلنگانہ کو جاری کئے گئے۔ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں بھی مرکزی حکومت نے بڑے پیمانہ پر فنڈس جاری کئے ہیں ، اسکیمات فراہم کئے ہیں۔ تعلیمی اداروں کے علاوہ مختلف اسکیمات سے تلنگانہ کے عوام کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے لیکن کانگریس حکومت بھی مرکزی فنڈس کو دیگر اسکیمات کیلئے استعمال کر رہی ہے ۔ دس سال تک بی آر ایس نے تلنگانہ سے تعاون نہ کرنے کا مرکز پر الزام عائد کیا ، اب وہی الزامات کانگریس حکومت عائد کر رہی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ دونوں حکومتیں مرکز اور ریاست کے لئے دو آنکھوں کی طرح کام کریں۔ ایک ہی آنکھ سے دیکھنے پر ترقی نہیں ہوتی اور نہ ہی عوام کی فلاح و بہبود ہوسکتی ہے۔ دونوں ہی حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے فلاحی اسکیمات کو متعارف کراتی ہیں۔ اس پر سختی سے عمل کرنا اور اس کے ثمرات سے عوام کو فائدہ پہنچانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ 2
بنڈی سنجے نے کہا کہ قائدین کیلئے ، پوسٹنگ ، ترقی کیلئے کام کرنے والے عہدیداروں سے ترقی ممکن نہیں۔2