تلنگانہ حکومت پر منتخب کانگریسی نمائندوں کو نظرانداز کرنے کا الزام

   

حضور نگر میں اتم کمار ریڈی کا دورہ، مختلف ترقیاتی پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے منتخب عوامی نمائندوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پروٹوکول کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری تقاریب میں کانگریس کے عوامی نمائندوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے پارلیمانی حلقہ نلگنڈہ کے حضور نگر اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے مٹ پلی برج کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنوری 2014 میں متحدہ آندھرا پردیش میں تعمیری کام کا آغاز ہوا اور 2018 میں اس کی تکمیل ہوئی۔ برج کی تعمیر سے تلنگانہ سے گنٹور تک صفر میں 50 کیلو میٹر فاصلہ گھٹ چکا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے اپروچ روڈ کی عدم تعمیر کے ذریعہ افتتاح میں تاخیر کی ہے تاکہ تعمیر کا سہرا کانگریس کو نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں برج کا افتتاح انجام دیا لیکن انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔ وہ اس سلسلہ میں اسپیکر لوک سبھا اوم برلا سے شکایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سابق کانگریس حکومت کے ترقیاتی کاموں کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر صرف سنگ بنیاد رکھنے پر یقین رکھتے ہیں اور پراجکٹ کی تکمیل سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت صرف جھوٹے وعدوں اور بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ برقرار ہے۔ سرکاری اسکیمات میں دھاندلیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں شروع کئے گئے برقی پراجکٹس کو کے سی آر اپنے کارنامہ کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے حضورآباد کے قبائیلی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قبائیلیوں کی ترقی کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا اور عوام کو تیقن دیا کہ باقی اُمور کی عاجلانہ تکمیل کی جائے گی۔ کے سی آر حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ اسمبلی میں مرکزی قوانین کے خلاف قرارداد منظور کی جائے۔