تلنگانہ حکومت پر ہائیکورٹ نے5000 روپئے جرمانہ عائد کیا

   

Ferty9 Clinic

حلفنامہ کے ادخال میں تاخیر پر کی گئی کارروائی
حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے مفاد عامہ کی درخواست کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل کرنے میں تاخیر پر 5000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ نے کنونشن سنٹرس کے خلاف دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کے سلسلہ میں ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود حکومت کی جانب سے حلفنامہ کے عدم ادخال پر ناراضگی جتائی ۔ عدالت نے کہا کہ جرمانہ کی یہ رقم تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی میں جمع کرائی جائے ۔ اسپیشل گورنمنٹ پلیڈر نے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے مزید دو ہفتوں کی مہلت طلب کی جس پر چیف جسٹس نے ناراضگی کا اظہار کیا ۔ عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے قریبی حدود میں غیر قانونی طور پر پانچ کنونشن سنٹرس کی تعمیر کے خلاف مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ چیف جسٹس نے اسپیشل گورنمنٹ پلیڈر کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عدالت کی جانب سے بارہا دی گئی مہلت کا غلط استعمال کیا ہے۔ چیف جسٹس نے فوری طور پر حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 30 ڈسمبر کو مقرر کی ہے۔1