حیدرآباد۔10 ۔ فروری (سیاست نیوز) نیشنل گرین ٹریبونل نے پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں تلنگانہ کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے ماحولیاتی منظوری کے بغیر تعمیر نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نیشنل گرین ٹریبونل نے تلنگانہ حکومت کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے مرکزی وزارت جنگلات و ماحولیات کو جلد کارروائی کرنے کی ہدیت دی ہے۔ ٹریبونل کے ماہرین کی کمیٹی نے ماحولیاتی منظوری کے بغیر تعمیر کئے جانے والے پراجکٹس میں توسیع کا اشارہ دیتے ہوئے رپورٹ پیش کی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر مرکزی وزارت ماحولیات نے پہلے ہی تلنگانہ حکومت کو نوٹس جاری کی تھی۔ سری رام ساگر پراجکٹس کے تحت گورا ولی ذخیرہ آب کی توسیع کیلئے حکومت نے اقدامات کئے ہیں۔ نیشنل گرین ٹریبونل نے حکومت کے دعویٰ کو مسترد کردیا کہ ذخیرہ آب کی توسیع کیلئے ماحولیاتی منظوری ضروری نہیں ہے ۔ ٹریبونل نے کہا کہ اگرچہ 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے لیکن کسی بھی پراجکٹ کیلئے ماحولیاتی منظوری ضروری ہے۔ر