تلنگانہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی سے کانگریس ہائی کمان مطمئن، وعدوں کی تکمیل پر توجہ

   

ملکارجن کھرگے کی قیامگاہ پر دو گھنٹے طویل اجلاس ، راہول گاندھی کی شرکت ، بلدی چناؤ میں کامیابی پر مبارکباد، وزراء اور پارٹی قائدین میں بہتر تال میل کی ہدایت
حیدرآباد ۔19 ۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتخابی وعدوں کی تکمیل پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ نئی دہلی میں صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے کی قیامگاہ پر تلنگانہ کے سرکردہ قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال اور تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن کی موجودگی میں اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور تمام ریاستی وزراء نے شرکت کی ۔ اجلاس میں چیف منسٹر نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی خاص طور پر 6 ضمانتوں کی تکمیل ، فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات اور ریاست میں سرمایہ کاری میں اضافہ سے متعلق تفصیلات پیش کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اے آئی سی سی قائدین نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ پر مبارکباد دی۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں اور بنیادی سطح پر کانگریس کے تنظیمی ڈھانچہ کو مزید مستحکم کریں۔ حکومت کی کارکردگی میں شفافیت کا مشورہ دیتے ہوئے نظم و نسق میں جوابدہی پیدا کرنے اور کرپشن کے خاتمہ کا مشورہ دیا گیا۔ راہول گاندھی نے ریاستی وزراء میں باہمی اشتراک اور اختلافات ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ دو گھنٹے تک جاری رہے اجلاس میں پردیش کانگریس کمیٹی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کانگریس ہائی کمان نے تمام ریاستوں کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کئے ہیں اور ابھی تک 13 ریاستوں کے قائدین سے مشاورت مکمل ہوچکی ہے ۔ تلنگانہ کے اجلاس میں چیف منسٹر ، صدر پردیش کانگریس اور ریاستی وزراء کو طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس کے بعد ملکارجن کھرگے نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اجلاس میں پرجا پالنا کے نظریہ کو مستحکم کرنے اور بنیادی سطح تک حکمرانی بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماجی بھلائی ، معاشی ترقی اور تمام طبقات کے ساتھ انصاف کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق کام کرے گی اور ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملکارجن کھرگے نے مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر تلنگانہ قائدین کو مبارکباد دی اور کانگریس پارٹی کے سماجی انصاف کے نظریہ پر عمل آوری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے حکومت اور پارٹی کی کارکردگی سے واقف کرایا ۔ 2023 میں برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی مرتبہ ہائی کمان نے جائزہ اجلاس طلب کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نامزد سرکاری عہدوں پر تقررات ، کابینہ میں توسیع اور مارچ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے انتخابات کے مسئلہ پر بھی بات چیت ہوئی ۔ راجیہ سبھا کے دو ارکان سریش ریڈی اور ابھیشک منو سنگھوی کی میعاد ختم ہورہی ہے اور الیکشن کمیشن نے 16 مارچ کو رائے دہی مقرر کی ہے۔ اجلاس میں سنگارینی کالریز کے ٹنڈرس میں مبینہ بے قاعدگیوں کا مسئلہ بھی زیر بحث رہا۔ ہائی کمان کو ٹنڈر سے دستبرداری سے واقف کرایا گیا۔ سینئر قائدین اور ریاستی وزراء میں بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ میناکشی نٹراجن نے کانگریس کے تنظیمی ڈھانچہ کے استحکام کے اقدامات پر رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا، ریاستی وزراء سریدھر بابو ، وی سری ہری ، پونم پربھاکر ، ناگیشور راؤ ، جوپلی کرشنا راؤ ، لکشمن کمار ، اتم کمار ریڈی ، دامودر راج نرسمہا ، محمد اظہرالدین ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ڈی سیتکا ، پی سرینواس ریڈی ، ویویک وینکٹ سوامی اور کونڈا سریکھا نے شرکت کی۔1