تلنگانہ حکومت کی مرکز سے ٹکراؤ کی پالیسی پرنقصان

   

چیف منسٹر کی نیتی آیوگ اجلاس میں عدم شرکت پر مرکزی وزراء کا بیان
حیدرآباد۔27 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزراء پرہلاد جوشی اور رام داس اٹھاؤلے نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وہ نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے ریاست کے بقایاجات کے سلسلہ میں بات کرپاتے لیکن انہوں نے ایسا نہ کرتے ہوئے ریاست کا نقصان کیا ہے۔ مرکزی وزراء نے میدک میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے بعد کہا کہ این ڈی اے حکومت کی نظر میں تمام ریاستیں یکساں موقف کی حامل ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کسی بھی ریاست کو مختلف نظر سے نہیں دیکھتے اسی لئے این ڈی اے حکومت مستحکم ہے۔ مسٹر پرہلاد جوشی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکز سے ٹکراؤ کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے جبکہ مرکزی حکومت ریاست تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور آئندہ بھی ریاست کی ترقی کے معاملہ میں کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ انہو ںنے کہا کہ تلنگانہ میں میں کانگریس اور بی آر ایس دونوں ہی مرکز کے خلاف محاذ آرائی کر رہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے بی آر ایس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام نے لوک سبھا انتخابات میں بھارت راشٹرسمیتی کو مسترد کردیا ہے اور آئندہ بی آر ایس کا کوئی مستقبل تلنگانہ میں باقی نہیں رہا۔ انہوںنے بی آر ایس پر مرکزی حکومت کے خلاف دروغ گوئی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی آ رایس کی جانب سے تلنگانہ کو فنڈس نہ دیئے جانے کے الزام عائد کئے جا رہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے لئے 26ہزار کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔ مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے نے کہا کہ تلنگانہ کی کی جامع ترقی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سنجیدہ ہے اور مناسب فنڈس کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے لیکن حکومت تلنگانہ عوام کو غلط باور کرواتے ہوئے گمراہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ’مدرا‘ لون اسکیم کے تحت 10لاکھ کی رقم کو بڑھا کر 20لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ بغیر کسی گیارنٹی کے فراہم کی جاتی ہے اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 3کروڑ مکان پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیر کئے گئے ہیں لیکن کانگریس این ڈی ایس حکومت کو بدنام کرنے کے ایک نکاتی ایجنڈہ کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔دونوں مرکزی وزراء نے تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے 8ارکان پارلیمان منتخب کروانے پر تلنگانہ عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے آندھراپردیش کو جو خصوصی بجٹ فراہم کیا ہے وہ پڑوسی تلگوریاست میں دارالحکومت کی ترقی کے لئے دیا گیا ہے اور ہندستان کے 85فیصد عوام جانتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں غریب عام کی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں۔3