تلنگانہ حکومت 17 ستمبر کو یوم تلنگانہ قومی اتحاد کے طور پر منائے گی

   

کابینہ کا فیصلہ ، چیف منسٹر باغ عامہ اور وزراء اضلاع میں پرچم کشائی انجام دیں گے
حیدرآباد ۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 17 ستمبر کو ’’یوم تلنگانہ قومی اتحاد‘‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اتفاق رائے سے اس کو کابینہ اجلاس میں منظوری دی ہے۔ 18-17-16 تین دن تک مختلف تقاریب کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 16 ستمبر کو ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں طلبہ، نوجوان لڑکے و لڑکیاں اور خواتین کے ساتھ بڑے پیمانے پر ریالیاں منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 17 ستمبر کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ باغ عامہ میں قومی پرچم لہراتے ہوئے خطاب کریں گے۔ اسی دن تمام اضلاع ہیڈکوارٹرس پر وزراء، تمام میونسپلٹیز، گرام پنچاتیوں اور سرکاری دفاتر پر متعلقہ عہدیدار اور عوامی منتخب نمائندے قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس کے علاوہ 17 ستمبر کو دوپہر میں بنجارہ قبائلی بھون کا افتتاح کیا جائے گا۔ نکلس روڈ تا مجسمہ امبیڈکر براہ این ٹی آر اسٹیڈیم تک ریالی منظم کی جائے گی۔ اس کے بعد وہیں جلسہ عام کا اہتمام کیا جائے گا جس سے چیف منسٹر کے سی آر خطاب کریں گے۔ 18 ستمبر کو تمام اضلاع ہیڈکوارٹرس پر مجاہدین شاعروں اور فنکاروں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ سقوط حیدرآباد 17 ستمبر کی تاریخ کچھ برسوں سے تنازعہ کا شکار رہی ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے یوم نجات منانے کی بات کی جارہی تھی جب کہ حکومت نے ’ یوم تلنگانہ قومی اتحاد ‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ۔ن