وزیر مال سرینواس ریڈی نے فیوچر سٹی میں سمٹ کے انتظامات کو قطعیت دی
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں 8 اور 9 ڈسمبر کو تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے انعقاد سے ریاست میں ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سرینواس ریڈی نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میر خان پیٹ میں جاری سمٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ تمام آخری مراحل کے انتظامات فوری طور پر مکمل کرلیں کیونکہ صبح سے مندوبین کی آمد پر آغاز ہوگا۔ وزیر مال نے کہا کہ عالمی سطح کے ادارے اور ان کے نمائندے سمٹ میں شرکت کریں گے اور توقع ہے کہ مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے معاہدات طے ہوں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ دو سال میں تلنگانہ کو عالمی سطح پر پیش کرنے میں ریونت ریڈی کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طرز کے سمٹ کے انعقاد کے ذریعہ ریاست کی معیشت کو 3 لاکھ ٹریلین تک ترقی دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے 150 سے زائد مندوبین نے شرکت کی توثیق کردی ہے۔ سرینواس ریڈی نے فیوچر سٹی میں مختلف گوشوں کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ سے ریاست میں ترقی کی بہتر راہیں ہموار ہوں گی۔ 1