تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کا آج سے بھارت فیوچر سٹی میں آغاز

,

   

گورنر جشنودیو ورما افتتاح کریں گے، 44 ممالک کے 154 مندوبین، اندرون ملک سے 2000 شرکاء، دو روزہ سمٹ کی کامیابی کیلئے نظم و نسق مصروف
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ترقی کو عالمی سطح پر پیش کرنے اور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کے مقصد سے تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کا کل 8 ڈسمبر سے بھارت فیوچر سٹی میں آغاز ہوگا۔ حکومت نے 8 اور 9 ڈسمبر کو ہونے والے اس عالمی ایونٹ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور قومی و بین الاقوامی مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی انتظامات کی راست طور پر نگرانی کررہے ہیں کیونکہ ایونٹ کی کامیابی سے توقع ہے کہ تلنگانہ میں مزید 3 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔ گلوبل سمٹ میں 44 ممالک کے 154 مندوبین کی شرکت کا امکان ہے جبکہ ملک بھر سے 3000 مندوبین کو مدعو کیا گیا ہے جن میں صنعت کار اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین شامل ہیں۔ فیوچر سٹی میں گلوبل سمٹ کے سبب غیر معمولی انتظامات کئے گئے اور ایک عارضی شہر کی طرح منظر دکھائی دے رہا ہے۔ فیوچر سٹی جانے والے تمام راستوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور اعلیٰ عہدیدار دن رات انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ حکومت نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ کئی ریاستوں کے چیف منسٹرس کو سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ فیوچر سٹی کے اطراف بہتر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے بھاری تعداد میں پولیس کو تعینات کیا گیا اور مندوبین کی رہنمائی کے لئے ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ انڈیگو بحران کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مندوبین کی آمد کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی طیاروں اور ہیلی کاپٹرس کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ بیرونی مندوبین کو ضرورت پڑنے پر ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فیوچر سٹی منتقل کیا جائے گا۔ تلنگانہ کی معیشت کو 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کے مقصد سے حکومت پیشرفت کررہی ہے۔ ریاست کے ترقیاتی منصوبے پر مبنی تلنگانہ رائزنگ ویژن ڈاکومنٹ 2047 تیار کیا گیا جو سمٹ کے دوران جاری کیا جائے گا۔ نیتی آیوگ اور انڈین اسکول آف بزنس کے ماہرین کے ذریعہ ویژن ڈاکومنٹ تیار کیا گیا۔ گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما 8 ڈسمبر کو دوپہر 1:30 بجے سمٹ کا افتتاح کریں گے۔ پہلے دن مختلف سیشنس سے خطاب کرنے والوں میں ابھیجیت بنرجی، ایرک سویڈر، ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیوکمار، نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی، صنعت کار کرن مجمدار شاہ، مرکزی وزیر ڈی کشن ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی دوپہر 2:30 بجے کلیدی خطاب کریں گے۔ افتتاحی اجلاس کے بعد مختلف محکمہ جات کے سیشنس ہوں گے جو سہ پہر 3 تا 4 بجے منعقد ہوں گے۔ دوسرے دن 9 ڈسمبر کی صبح 9 بجے سے سمٹ کا آغاز ہوگا اور شام 6 بجے اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے دو سال کی تکمیل کے موقع پر حکومت نے گلوبل سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف ترقیاتی موضوعات پر 27 پیانل ڈسکشنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ سمٹ میں جن شعبہ جات کو ترجیح دی گئی ان میں برقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سمی کنڈکٹر، ہیلت، ایجوکیشن، ٹورازم، اربن انفرااسٹرکچر، ویمن انٹرپریمرشپ، سوشیل ویلفیر اور اسٹارٹ اپس شامل ہیں۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن، ورلڈ بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور یونیسیف کے نمائندے شرکت کریں گے۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے عالمی اداروں سے مذاکرات کے لئے عہدیداروں کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سمٹ میں 3 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدات پر دستخط ہوں گے۔ سرکاری نظم و نسق گلوبل سمٹ کے سلسلہ میں عملاً فیوچر سٹی منتقل ہوچکا ہے۔ 1