تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا چیف منسٹر نے جائزہ لیا

   

8 اور 9 ڈسمبر کو سمٹ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام محکمہ جات کو متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ
حیدرآباد22 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 8 اور 9 ڈسمبر کو ہونے والی تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پروگرام کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے آج عہدیداروں کے ساتھ اپنی قیامگاہ پر ایک اجلاس طلب کیا جس میں فیوچر سٹی میں ہونے والی دو روزہ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی دو سال کی تکمیل کے دوران یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے، لہذا اس کو کامیاب بنانے خصوصی توجہ کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، اسپیشل پرنسپل سکریٹری جیش رنجن، چیف منسٹر آفس کے سکریٹری شیشادری و دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوامی حکومت کی تشکیل کے دو سال مکمل ہو رہے ہیں۔ ریاست بھر میں حکومت سے بڑے پیمانے پر سرکاری جشن کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ فیوچر سٹی کے بڑے پلیٹ فارم پر سمٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بین الاقوامی اور قومی کارپوریٹ اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ 8 ڈسمبر کو حکومت کے پروگرامس، فلاحی اسکیمات، ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی جائیگی۔ دوسری دن 9 ڈسمبر کے پروگرامس میں ریاست کی ترقی سے متعلق مستقبل کی حکمت عملی کو واضح کرنے تلنگانہ رائزنگ 2047 ڈاکیومنٹ جاری کیا جائیگا۔ کارپوریٹ اداروںکو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے پر مختلف اقسام کی سہولتیں اور رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں راؤنڈ ٹیبل میٹنگس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ مختلف محکمہ جات اپنے محکموں میں ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے دستیاب مواقع کو ویڈیو و آڈیو کے ذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سمٹ کیلئے ملک و بیرونی ممالک کے نمائندوں کو مدعو کیا جارہا ہے۔ ان کے ٹھہرنے کے انتظامات اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2047 تک تلنگانہ کی معیشت 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ مستقبل کے نشانہ کو عبور کرنے حکومت سے جو پالیسیاں تیار کی گئی ہیں ان کو دستاویزی شکل میں جاری کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے اس سمٹ کو کامیاب بنانے 25 نومبر سے مسلسل جائزہ اجلاس کی تمام محکمہ جات کو ہدایت دی ہے۔ 2