چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس، بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی کے لیے ٹام کام کی خدمات
حیدرآباد ۔30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے تلنگانہ رائیزنگ 2047 ویژن پر عمل آوری کے سلسلہ میں تمام سرکاری محکمہ جات کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ ویژن ڈاکیومنٹ پر عمل آوری کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے چیف سکریٹری گزشتہ تین دن سے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اہم اسکیمات پر عمل آوری کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے محکمہ جات ، زراعت ، امداد باہمی ، اینمل ہسبنڈری ، ڈیری ڈیولپمنٹ ، فشریز ، جنگلات ، ماحولیات ، سیول سپلائیز ، لیبر اور جی اے ڈی جیسے محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اجلاس میں اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ترقی اور فلاح و بہبود کے سلسلہ میں جو نشانے مقرر کئے گئے ہیں، ان کی تکمیل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات میں عوامی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہئے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے متعارف کی گئی تمام اسکیمات پر عمل آوری کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا جائے۔ ضلعی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی چیف سکریٹری نے ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کے ذریعہ درکار فنڈ حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ تلنگانہ میں نئے صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکتی ہے۔ چیف سکریٹری نے دیہی علاقوں میں ہیلت کیمپس منعقد کرتے ہوئے بنیادی طبی سہولتوں کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ محکمہ سیول سپلائیز کی کارکر دگی کو مزید بہتر بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے راشن شاپس پر باریک چاول اور گیہوں کی سربراہی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نظام تقسیم میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے موقف کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے ٹام کام اور دیگر اداروں کے ذریعہ نوجوانوں کو بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی کے اقدامات پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹام کام کے تحت اسکل ڈیولپمنٹ میں مہارت رکھنے والے امیدواروں کے علاوہ نرسنگ اسٹاف اور دیگر شعبہ جات کے لئے بیرونی ملک روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹام کام کے ذریعہ محفوظ انداز میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے۔ عہدیداروں نے نرسنگ کورسس کی امیدواروں کو حالیہ عرصہ میں بیرونی زبانوں کی تربیت کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری دانا کشور ، پرنسپل سکریٹری جنگلات احمد ندیم ، سکریٹری اگریکلچر سریندر موہن ، سکریٹری اینمل ہسبنڈری المبرتی اور ہارٹیکلچر ڈائرکٹر یاسمین باشاہ نے شرکت کی۔ 1