حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 13 جون کو پرگتی بھون میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں 17جون سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سیشن کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ عام انتخابات 2019 کے بعد منعقد ہونے جا رہے پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں شرکت سے قبل ہونے والے اس اجلا س کے دوران توقع کی جا رہی ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے پارلیمانی پارٹی قائد کے انتخاب کے عمل کو مکمل کیاجائے گا۔ 13جون کو 2بجے دن پرگتی بھون میں منعقد ہونے والے ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی اجلاس میں نو منتخبہ ارکان لوک سبھا کے علاوہ اراکین راجیہ سبھا شرکت کریں گے۔بتایاجاتا ہے کہ 17جون سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی حکمت عملی اسی اجلاس میں تیار کی جائے گی اور صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤنو منتخبہ ارکان پارلیمان کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے سلسلہ میں ہدایات جاری کریں گے۔
