تلنگانہ ریاستی کابینہ میں فوری توسیع کے امکانات موہوم

   

لوک سبھا انتخابات کے بعد ہی فیصلہ ، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مرکزی کانگریس غیر سنجیدہ
حیدرآباد۔8۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاستی کابینہ میں آئندہ توسیع لوک سبھا انتخابات کے بعد ہوگی! چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی کابینہ میں 12 وزراء کی شمولیت کے بعد مزید 6 ارکان کی شمولیت کی گنجائش پر کہا جا رہاتھا کہ جلد ہی بلکہ اندرون چند ہفتہ کابینہ میں توسیع کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کی کابینہ میں توسیع فوری طور پر کئے جانے کا امکان نہیں ہے اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور کانگریس کی مرکزی قیادت دونوں ہی اس معاملہ عجلت کے حق میں نہیں ہیں اور نہ ہی مخلوعہ کابینی نشستوں کے لئے دعویداروں کو فوری طور پر مطمئن کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ یوم کابینہ کے اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر واضح کیا کہ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے کلئیرنس کے بعد ہی مابقی کابینی عہدوں پر ذمہ داریاں تفویض کرنے کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت میں 6کابینی عہدوں پر تقررات کی گنجائش کے سلسلہ میں پارٹی اعلیٰ قائدین میں مشاورت کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ ان عہدوں کو لوک سبھا انتخابات کے بعد ہی پر کیا جائے ۔ کانگریس پارٹی ذرائع کے مطابق کابینہ میں مزید وزراء کی شمولیت کے سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان کو موصول ہونے والی نمائندگیوں کے بعد ریاستی حکومت سے مشاورت کی جائے گی اور اس مشاورت کو قطعیت دیئے جانے کے بعد ہی دیگر وزراء کی شمولیت کے سلسلہ میں اعلان کیا جائے گا۔ حکومت کے ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں قلمدانوں کی تقسیم اور ذمہ داریوں کی تفویض کے بعد جو قلمدان باقی رہیں گے وہ چیف منسٹر اے۔ریونت ریڈی کے پاس ہی رہیں گے۔ٖ