تلنگانہ ریاست میں آئندہ پانچ یوم تک بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد و سکندرآبادمیں موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی
حیدرآباد۔10۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ 5 یوم بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں آج دوپہر کے بعد ہوئی بارش نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کردی ہے۔ دونوں شہرو ں حیدرآبادوسکندرآباد کے نواحی علاقوں میں ہوئی بارش اور شہر کے مرکزی حصہ میں ہونے والی معمولی بارش کے ساتھ مطلع ابرآلود ہونے کے نتیجہ میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 5یوم کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کے بعد ریاست کے کئی اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے جن اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے زرد الرٹ جاری کیا ہے ان میں راجنا سرسلہ ‘ جئے شنکربھوپل پلی ‘ نظا آباد ‘ نرمل ‘ عادل آباد ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘ محبوب آباد ‘ سدی پیٹ ‘ میدک‘ کاماریڈی کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدودشامل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے جو اعلامیہ جاری کیا ہے اس کے مطابق 10 ستمبر سے شروع ہونے والے موسم کا سلسلہ 15 ستمبر تک جاری رہے گا اور اس دوران ہلکی ‘ تیز اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 10 ستمبر کو دوپہر کے وقت شہر کے اطراف کی علاقوں میں اچانک موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ زائد از 2گھنٹے جاری رہا۔شہر کے نواحی علاقوں بڈنگ پیٹ‘ بالا پور‘ میر پیٹ‘ بی این ریڈی نگر‘ ہستینا پور‘ آدی بٹلہ ‘ نادرگل‘ الوال‘ بوئن پلی ‘ سکندرآباد‘ ملکاجگری‘ بیگم پیٹ‘ مشیر آباد ‘ اپل ‘ ناگول ‘ حمایت نگر کے علاوہ دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں مطلع ابرآلود رہا۔اس کے علاوہ ضلع رنگاریڈی‘ ناگرکرنول ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ‘ نارائن پیٹ ‘ محبوب نگر ‘ وقار آباد‘ عادل آباد ‘ آصف آباد ‘ نرمل اور منچریال میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ 10 ستمبر کی رات سے شہر کے کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 5یوم کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع کے ساتھ آؤٹر رنگ روڈ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدودمیں بارش کے امکانات ہیں علاوہ ازیں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں 40تا50 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیاجاسکتا۔3