تلنگانہ ریاست میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی

   

زرد الرٹ جاری ، ہنگامی حالات پر ایجنسیوں کو متحرک رہنے کا مشورہ ، آندھرا پردیش بارش سے شدید متاثر
حیدرآباد۔16۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے ہنگامی حالات میں خدمات انجام دینے والی ایجنسیوں کو متحرک رہنے کا مشورہ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد‘ نلگنڈہ ‘ عادل آباد ‘ ورنگل‘ کریم نگر ‘ نظام آباد کے علاوہ دیگر اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ہے کیونکہ ان اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں میں آئندہ 4یوم کے دوران موسلادھار بارش کے امکان ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق مذکورہ اضلاع میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے حدود میں بھی نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکسی اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ موسلادھار بارش کی صورت میں چوکس رہیں ۔ تلنگانہ کی تین پڑوسی ریاستوں تمل ناڈو‘ کرناٹک کے علاوہ آندھراپردیش میں جاری موسلادھار بارش کے دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ ان ریاستوں سے بادل تلنگانہ کے مذکورہ اضلاع کا رخ کر رہے ہیں اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں پڑوسی ریاستوں میں ہونے والی بارشوں کا سلسلہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں حکومت نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع بالخصوص پرکاشم ‘ نیلور ‘ چتور اور کڑپہ کو سیلاب اور طوفان جیسی صورتحال کا سامنا ہے اور حکومت کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے 5 ایس ڈی آر ایف اور 2این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو تعینات کیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال کے دوران راحت کاری کے لئے ان ٹیموں کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں گذشتہ شب بھی اچانک کچھ وقفہ کے لئے موسلادھار اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور آج دن میں بھی مطلع ابرآلود رہا۔3