چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر اقدامات کا آغاز، وزیرسیاحت و آبکاری سرینواس گوڑ کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) وزیرسیاحت و آبکاری تلنگانہ مسٹر سرینواس گوڑ نے یہ کہا ہیکہ ریاست کو بہت جلد سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ کالیشورم پراجکٹ کو ایک خوبصورت سیاحتی مرکز میں بدلنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے آج یہاں ایک جائزہ اجلاس طلب کیا اور بتایا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی خصوصی ہدایت پر سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات جاری ہیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کالیشورم جیسے بڑے پراجکٹ کی تکمیل چیف منسٹر کا ایک بڑا کارنامہ ہے اور اب پراجکٹ کو سیاحتی مرکز کی شکل دی جائے گی اور کالیشورم میں پائے جانے والے مندروں کیلئے خصوصی ٹورازم پیاکیجس کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا تاکہ منادر کے درشن کرنے والے شہریوں کو سیاحت کا بھی لطف حاصل ہو۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ سیاحت کو فروغ دینے کے پراجکٹوں پر توجہ مرکوز کریں اور سفارشات تیار کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سیاحتی پراجکٹوں کے فروغ پر توجہ مرکوز کریں تاکہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ ہو اور روزگار فراہم کیا جاسکے۔ عادل آباد، ورنگل اور محبوب نگر اضلاع کو تین نئے سرکیوٹ کی طرز پر تشکیل دیتے ہوئے موجودہ تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی ورثہ کو جوڑتے ہوئے فروغ دینے پر زور دیا جس کی مدد سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوا اور روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں۔ ساتھ ہی ریاستی وزیرسرینواس گوڑ نے سیاحتی مراکز کی تشہیر کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی اور کہاکہ ٹورازم کی بسوں اور سٹ ون بسوں پر سیاحتی مقامات اور ان کی تاریخ کو تشہیر کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر کمشنر ٹورازم مسٹر دیناکر بابو، ایم ڈی ٹورازم مسٹر منوہر راؤ، جوائنٹ سکریٹری کے رمیش، ایڈیشنل ڈائرکٹر مسٹر ناگایا کامبلی و دیگر موجود تھے۔
