وائرس کی روک تھام کے اقدامات، چیف منسٹر کا اسمبلی میں خطاب
حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح طور پر کہا کہ ریاست تلنگانہ کو انتہائی مہلک تصور کیا جانے والا کورونا وائرس کا کوئی خطرہ درپیش نہیں ہوگا اور تلنگانہ کو وائرس آنے نہیں دیا جائے گا بلکہ قبل از وقت تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ریاستی عوام سے کورونا وائرس کے تعلق سے پریشان و تشویش میں مبتلاء نہ ہونے کی پرزور اپیل کی ۔ چیف منسٹر جنہوں نے آج ایوان میں گورنر کے خطبہ پر ہوئے مباحث کا جواب دے رہے تھے کہا کہ ریاست میں ابھی تک کورونا وائرس کا اتہ پتہ نہیں ہے۔ ماسکس لگانے کے تعلق سے کانگریس رکن اسمبلی شریمتی انوسویا سیتکا کی جانب سے اظہار کردہ خیال پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے دریافت کیا کہ آیا اسمبلی میں کسی بھی فرد نے ماسک لگارکھا ہے؟ یہاں تک کہ وزیر صحت مسٹر ای راجندر کو بھی ماسک نہیں ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ ریاست تلنگانہ کو ابھی تک کوئی کورونا وائرس آیا ہی نہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے پرزور الفاظ میں کہا کہ کورونا وائرس کو ریاست میں آنے نہیں دیا جائے گا بلکہ احتیاطی اقدامات کیلئے ضرورت پڑنے پر ایک ہزار کروڑ روپئے خرچ کرکے سہی کورونا وائرس کو روکنے کیلئے مثبت اقدامات کئے جائیں گے۔