تلنگانہ ریاست کی تشکیل وزیراعظم کے ریمارکس قابل مذمت

   

کانگریس پر تنقید کرنے کیلئے مودی ریاست کے عوام کی توہین کررہے ہیں : کے ٹی آر

حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ و ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر جاہلانہ اور متکبرانہ ریمارکس کرنے کا وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مودی کے ریمارکس تاریخی حقائق سے ان کی لاعلمی کو جہاں ظاہر کرتے ہیں وہیں تلنگانہ عوام کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہاکہ عوام نے علیحدہ ریاست کی تشکیل کے لئے 60 سال تک انتھک جدوجہد کی اور آخرکار 2 جون 2014 ء کو علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ علیحدہ ریاست کے حصول کی جدوجہد میں عوام نے بہت سی قربانیاں دی ہیں بالخصوص نوجوان کے رول کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے تلنگانہ کے عوام کی جانب سے جشن نہ منانے وزیراعظم کے ریمارکس کو بھی جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ یہ اور بات ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کانگریس پر تنقید کرنے کی کوشش میں تلنگانہ عوام کے جذبات کی بار بار توہین کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے وزیراعظم کو حساس اور تاریخی معلومات کے ذکر میں احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ عوام کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچانے کی سخت مذمت کی۔ ن