انفارمیشن ٹکنالوجی میں سب سے آگے ہونے کا حکومت کا دعویٰ کھوکھلا ثابت
حیدرآباد۔7۔جون۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی میں سب سے آگے ہونے کے علاوہ حکومت کی کارکردگی کو شفاف بنانے کے دعوے کرتی آئی ہے لیکن ریاستی حکومت کی ویب سائٹ کا مشاہدہ کیا جائے تو اس بات کا انکشاف ہوگا کہ ریاست میں جاری کئے جانے والے زائد از ایک لاکھ سرکاری احکامات G.Os کو آن لائن اپ لوڈ نہیں کیا گیا اور نہ ہی متعلقہ عہدیدارو ںکی جانب سے ان احکامات کی نقولات فراہم کرنے کی زحمت گوارہ کی جا رہی ہے بلکہ حکومت کے مختلف محکمہ جات کی جانب سے جاری کئے جانے والے جی او آن لائن اپ لوڈ نہ کیا جانا ہی سرکاری احکامات کو چھپانے کے مترادف ہے حالانکہ اگر کسی جی او پر کسی کو اعتراض ہویا اس جی او کو منسوخ کروانے کے لئے عدالت سے رجوع ہونا پڑے تو اس شخص کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راماراؤ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 2جون 2014سے 9مئی 2023 تک ریاست تلنگانہ میں جملہ 1لاکھ 83ہزار24 جی او جاری کئے گئے ہیں لیکن اگر حکومت کی ویب سائٹ کا مشاہدہ کیا جائے تو اس پر محض 77ہزار 706 جی او کی تفصیلات موجود ہیں ۔سال 2021-22 اور 2022-23کے دوران 19ہزار 126 جی او جاری کئے گئے ہیں لیکن اگر ویب سائٹ پر اس مدت کے دوران محض 2542 جی او اپ لوڈ کئے گئے ہیں جن کا عوام مشاہدہ کرسکتے ہیں۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والی شفافیت کے دعوؤں کے سلسلہ میں اب تک مختلف گوشوں کی جانب سے جی او کو آن لائن جاری کرنے اور ویب سائٹ پر موجود رکھنے کی نمائندگیاں کی جاچکی ہیں لیکن اس کے باوجود ریاستی حکومت کے محکمہ جات کی جانب سے ان سرکاری احکامات کو آن لائن عوام کے لئے رکھنے میں کی جانے والی کوتاہی پر مختلف تنظیموں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں اور احکامات پر کوئی اعتراض نہ کر پائے اور ان کی تنسیخ کے لئے دباؤ نہ ڈالا جائے اسی لئے حکومت کی جانب سے جی او تک عوام کی رسائی کو روکا جانے لگا ہے جو کہ شفافیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔غیر سرکاری تنظیموں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ ریاستی حکومت نے تشکیل تلنگانہ کے بعد سے اب تک کئی قابل اعتراض جی او ز جاری کئے ہیں جن کو چیالنج کرنے کے لئے ان جی او ز تک رسائی حاصل کرنا بھی انتہائی مشکل ہے لیکن اس کے باوجود جن احکامات تک رسائی حاصل کی گئی ہے ان میں کئی ایک کو چیالنج کیا جاچکا ہے ۔اب خود ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاستی حکومت نے کتنے جی او جاری کئے ہیں اور ان میں کتنے جی او ز کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے۔سال 2021-22کے دوران سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے مختلف محکمہ جات کی جانب سے 1لاکھ 63ہزار896 جی او جاری کئے گئے ہیں جن میں 88 ہزار732 جی او ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کئے گئے ہیں۔م